گجرات (جی پی آئی) ٹیکنیکل ایجوکیشن ملکی ترقی میں اہم کردار ادا کرتی ہے اور ٹیکنیکل ایجوکیشن فراہم کرنے والے ادارے بہت بڑا جہاد کر رہے ہیں۔ ان خیالات کا اظہار صدر گجرات پریس کلب عبدالستار مرزا نے گزشتہ روز فاران ٹیکنیکل انسٹیٹیوٹ گجرات کیمپس میں الیکٹریکل پاور لیب کی افتتاحی تقریب کے موقع پر کیا۔ انہوں نے کہا کہ ٹیکنیکل ایجوکیشن میں عملی تربیت بہت اہم کردار ادا کرتی ہے۔ اور عملی تربیت کی طرف ہمیں توجہ دینی چاہئے سیکھنے کا عمل ساری عمر جاری ررہتا ہے۔ ہمیں چاہئے کہا خود بھی سیکھیں اور اپنے سے چھوٹوں کو بھی سکھائیں۔ آج کے نوجوان قوم کا مستقبل ہیں۔ ہمیں چاہئے کہ اچھے طریقے سے پڑھ لکھ کر ملک و قوم کا نام روشن کریں۔ گجرات پریس کلب نے ہمیشہ اچھے کام کرنے والوں کا ساتھ دیا ہے اور مثبت سرگرمیوں کی کوریج کی ہے۔ مینیجنگ ڈائریکٹر فاران گروپ آف ٹیکنیکل انسٹی ٹیوٹس طارق جاوید چوہدری نے کہا کہ کبھی بھی زندگی میں تنخواہ کو مد نظر نہ رکھیں بلکہ اپنی مہارت میں اضافہ کو اپنا نصب العین بنائیں۔ ہمارے اس تعلیمی ادارے سے فارغ التحصیل طلباء دنیا بھر میں اپنا نام کما رہے ہیں۔ اور یہ لیب طلباء نے خود بنائی ہے۔ ہم نے ٹیکنیکل سپورٹ اور آلات طلباء کو فراہم کئے ہیں جبکہ دیگر سارا کام طلباء نے خود کیا ہے اور فاران گروپ آف ٹیکنیکل انسٹی ٹیوٹ کے اس کیمپس کی تمام وائرنگ بھی طلباء نے خود کی ہے۔ انہوں نے کہا کہ ہم چاہتے ہیں کہ طلباء میں عملی تربیت کا رجحان بڑھے اسی لئے ہم طلباء کی راہنمائی کرتے ہیں تاکہ وہ کچھ سیکھ کر اس ادارے سے جائیں ہمارے طلباء ہی ہمارا اثاثہ ہیں اور ہماری پہچان ہیں۔ ہم طلباء کی راہنمائی کا عمل جاری رکھیں گے۔ پرنسپل میر محمد یونس نے کہا کہ فاران گروپ آف ٹیکنیکل انسٹی ٹیوٹ پاکستان کے ان تعلیمی ادارے میں سے ہے جو ہمیشہ طلباء کی بہتری کیلئے کام کرتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ ہم اسی انداز میں ہمیشہ کام کرتے رہیں گے۔ اس موقع پر وائس پرنسپل محمد اشرف’ وقار چوہدری’ زعیم شہزاد’ عامر فاروق’ سید ارشد شاہ و ‘ ڈاکٹر رزاق احمد غفاری بھی موجود تھے۔ …………………………… …………………………… گجرات(جی پی آئی) حاجی ارشد جاوید وڑائچ سیکرٹری جنرل منہاج ویلفیئر فائونڈیشن یورپی یونین کا مرکزی سیکرٹریٹ تحریک مہاج القرآن لاہور کا دورہ ان کے ہمراہ علامہ پروفیسر مظہر حسین قادری سٹی صدر تحریک گجرات چوہدری غلام سرور وڑائچ سینئر نائب صدر تحریک علامہ محمد اصغر چشتی بھی تھے لاہور مرکزی سیکرٹریٹ میں مرکزی ناظم اعلیٰ تحریک منہاج القرآن شیخ زاہد فیاض اور مرکزی جنرل سیکرٹری پاکستان عوامی تحریک خرم نواز گنڈا پور سے ملاقات۔ ملاقات میں باہمی دلچسپی کے امور پر گفتگو ہوئی۔ شیخ زاہد فیاض خرم نواز گنڈا پور کا حاجی ارشد جاوید وڑائچ کو گجرات شہر میں گیارہ جوڑوں کی اجتماعی شادیاں کرانے پر خراجِ تحسین اور مبارکباد ملاقات میں مفتی عبدالقیوم ہزاروری’ علامہ سہیل احمد رضا ڈائریکٹر انٹر فیتھ بین المذاہب محمد افضل نوشاہی اور دیگر بھی تھے۔ علامہ پروفیسر مظہر حسین قادری نے اجتماعی شادیوں کی رپورٹ پیش کی جس پر خوشی اور اطمینان کا اظہار کیا گیا اور بتایا گیا کہ آئندہ دسمبر میں بھی اجتماعی شادیوں کا پروگرام منعقد ہو گا۔ منہاج ویلفیئر فائونڈیشن ہمیشہ سے پوری دنیا میں غریب لاچار مجبور عوام کی خدمت کرتے چلی آ رہی ہے۔ اور بفضل تعالیٰ آئندہ خدمت خلق کا مشن جاری رہے گا اس موقع پر حاجی ارشد جاوید کے اعزاز میں گرینڈ ظہرانہ بھی دیا گیا۔
…………………………… ……………………………
گجرات (جی پی آئی) مسلم کرسچن فیڈریشن انٹر نیشنل کے چیرمین قاضی عبدالقدیر خاموش نے افسوس کا اظہار کیا ہے کہ را کے پاکستان میں ہونے والی دہشت گردی میں ملوث ہونے کے شواہد موجود ہونے کے باوجود حکمران اپنی ناہلی کی وجہ سے دنیا میں دشمن ملک کو بے نقاب نہیں کرسکے۔یہ بات انہوں نے پیس اینڈ ڈویلپمنٹ فاونڈیشن کی چیرپرسن رومانہ بشیر کے ساتھ لاہور میںسانحہ یوحنا آباد کے متاثرین سے خطاب میں کہی۔ قاضی عبدالقدیر خاموش نے کہا کہ سیاسی اور عسکری ادارے متفق ہیں کہ پاکستان میں جاری دہشت گردی کے واقعات میں بھارتی ایجنسی را ملوث ہے مگرحکومت میں دنیا کے سامنے یہ سب کچھ کہنے کی جرات اور صلاحیت رکھنے والا موجود ہی نظر نہیں آتا۔ جس کی وجہ سے ہندوستان اب اقوام متحدہ کی سکیورٹی کونسل کی مستقل رکنیت کے امیدوار کے طور پر سامنے آگیا ہے۔ حالانکہ عالمی سطح پر دہشت گردی کے خاتمے کے لئے قربانیاں سب سے زیادہ پاکستانی فوج اور شہریوں کی ہیں۔ انہوںنے کہا کہ حکومت کے پاس بھارتی ایجنسیوں کے ملک میں جاری دہشت گردی کی لہر میں ملوث ہونے کے ٹھوس شواہد اور گرفتار ملزمان بھی موجود ہیں مگر عالمی سطح پر اس کو پیش کرنے کی جرات کسی میں پیدا نہیں ہورہی ۔ قاضی عبدالقدیر خاموش نے کہا کہ اس کے برعکس ہندوستان کے پاس ہمار ے خلاف ثبوت ہوتے تو اب تک پوری دنیا میں ڈھنڈور ا پیٹ چکا ہوتا مگر دفتر خارجہ اور بیرون ممالک سفارتخانوں میں سفارشی اور سیاسی بنیادوں پر بھرتی افسران قومی مفاد کا کیس دنیا کے سامنے پیش نہیں کرسکے۔انہوں نے کہا کہ سیاسی قیادت کو اپنے ذاتی مفادات کو پس پشت ڈال کر قومی اور جنگی بنیادوں پر دہشت گردوں کے خلا ف کارروائی کرنا ہوگی۔
…………………………… …………………………… گجرات (جی پی آئی) ضلعی قائم مقام صدر پاکستان عوامی تحریک چوہدری گلریز محمود اختر وڑائچ ایڈووکیٹ نے اپنے بیان میں کہا کہ سیاست میں کوئی حرف آخر نہیں ہوتا۔ زمینی حقائق کے مطابق ضلع گجرات میں سیٹ ایڈجسٹمنٹ ہو سکتی ہے۔ پاکستان عوامی تحریک ہونے والے بلدیاتی انتخابات میں بھر پور حصہ لے گی اور ضلع گجرات میں تنظیم نو بھی جلد کی جائے گی۔انہوںنے کہا کہ KPK میں حوصلہ افزاء خبریں موصول ہو رہی ہیں۔ پاکستان عوامیت تحریک اب کوئی بھی خالی میدان نہیں چھوڑے گی۔ ہمارا عزم نظام کی تبدیلی ہے جس میں صرف دولت مند ہی الیکشن لڑ سکتا ہے غریب اہل پڑھا لکھا نوجوان دیانت دار الیکشن نہیںلڑ سکتا۔ عرصہ دراز سے قبضہ مافیا ملکی وسائل پر قابض ہے۔ جس کا نتیجہ پوری قوم کے سامنے ہے کہ غریب غریب تر ہوتا جا رہا ہے اور امیر امیر تر ہو چکا ہے۔ پاکستان عوامی تحریک گجرات میں پڑھے لکھے اہل افراد کو میدان میں اتارے گی جو صحیح معنوں میں عوام کی توقعات پر پورا اتر سکیں۔
…………………………… …………………………… گجرات (جی پی آئی) جامعات کا بنیادی فریضہ سماج کی خدمت ہے کیونکہ سماج ہی وہ بنیادی اکائی ہے جس کے بلند ترین مقاصد کو پورا کرنے کے لیے جامعات کی تشکیل کی جاتی ہے۔ بدلتی ہوئی دنیا میں جامعات کی ذمہ داریاں بھی بدل چکی ہیں۔ علوم کی تدریس کے ساتھ ساتھ جامعہ گجرات عوامی فلاحی منصوبوں میں بھی بڑھ چڑھ کر حصہ لے رہی ہے۔ قوموں کی ترقی سماج کی فلاح و بہبود کے ذریعے ہی ممکن ہے۔ ان تمام مقاصد کو پورا کرنے کے لیے جامعہ گجرات کے اپنے اردگرد معاشرہ کے ساتھ مضبوط روابط بہت ضروری ہیں۔ جامعہ گجرات صحیح معنوں میں معاشرہ کی اُمنگوں کی آئینہ دار بنتی جا رہی ہے۔ ان خیالات کا اظہار وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر ضیاء القیوم نے جامعہ گجرات میں ORICاور برٹش کونسل کے اشتراک سے منعقدہ ایکٹو سیٹیزن پروگرام بارے ورکشاپ سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ ڈی سی او گجرات لیاقت علی چٹھہ نے کہا کہ ہمارے معاشرہ میں معاشرتی و سماجی ترقی کے لیے جامعات کے کردار کو اُجاگر کرنے پر بہت کم توجہ دی گئی ہے۔ اس راہ میں کچھ رکاوٹیں حائل ہیں مگر موجودہ ترقی یافتہ دور میں معاشرتی فلاح و بہبود کے حوالہ سے جامعات کے کردار کی از سر نو یقین کی ضرورت ہے۔ عوامی منصوبوں میں عوام بڑھ چڑھ کر حصہ لینا چاہتے ہیں۔ مجھے خوشی ہے کہ جامعہ گجرات کمیونٹی ڈویلپمنٹ کے حوالہ سے ایک کورس شروع کرنے جا رہی ہے۔ اس طرح کے کورسز کے ذریعے سماجی ترقی کے پروگراموں کو مہمیز لگائی جا سکتی ہے۔ ڈائریکٹرORICڈاکٹر مدثر اقبال نے کہا کہ تعلیمی ترقی کے ساتھ سماجی اقدار میں بھی بدلائو آ رہا ہے۔ جامعہ گجرات اپنے طلبا و طالبات اور اساتذہ کے ذریعے سماج میں انقلابی تبدیلیاں لانے کا تہیہ کیے ہوئے ہے۔ تعلیم و تربیت کا اصل نکتہ ٔ نظر معاشرہ میں مثبت شعوری تبدیلیاں لا کر سماج کو دورِ حاضر کی ضرورتوں کے ساتھ ہم آہنگ کرنا ہے۔ نمائندہ برٹش کونسل پراجیکٹ کوارڈنینٹرمصطفےٰ ممتاز نے پاکستان میں سیٹیزن ایجوکیشن کے حوالہ سے بات کرتے ہوئے کہا کہ برٹش کونسل پراجیکٹ کے تعلیمی پروگراموں کا مقصد نوجوان لوگوں میں لیڈرشپ کی صفات کو پروان چڑھانا ہے۔ پاکستان ہائر ایجوکیشن کمیشن کے تعاون سے ہم مختلف جامعات میں کئی پروگرام چلا رہے ہیں۔ ہمارا مقصد طلبا و طالبات و اساتذہ کو تربیت کے ذریعے ماسٹر ٹرینر بنا کر انہیں عوام کی تربیت کے لیے کمربستہ کرنا ہے۔ معاشرہ میں مثبت تبدیلی بحث و مباحثہ اور مکالمہ کے فروغ کے ذریعے ہی آ سکتی ہے۔ اس ورکشاپ میں جامعہ گجرات کے مختلف شعبہ جات کے ڈین، ڈائریکٹروں، اساتذہ صدور شعبہ جات و چیئرمین شعبہ جات، مقامی حکومتوں اور شہری انتظامیہ کے مختلف عہدیداران کے علاوہ رجسٹرار جامعہ گجرات ڈاکٹر طاہر عقیل نے بھی شرکت کی۔
…………………………… …………………………… گجرات (جی پی آئی) وطن عزیز پاکستان کو اس وقت اندرونی طور پر مختلف آفات اور مسائل کا سامنا ہے۔ ان آفات سے نبٹنے کے لیے آزمائشی مشقیں وقت کی اہم ترین ضرورت ہیں تاکہ ہم کسی بھی حادثہ یا آفت کی صورت میں نقصانات کو کم سے کم کرنے کے لیے بہتر طریقہ سے امدادی سرگرمیاں بہم پہنچا سکیں۔ آزمائشی مشقیں اس لیے بھی اہم ہیں کہ ان کے ذریعے رضا کاروں، اہلکاروں اور کارکنوں کی تربیت ہوتی ہے اور کسی حادثہ، آفت یا خطرہ کی صورت میں وہ تندہی اور جانفشانی سے عوامی خدمت کے لیے کمربستہ رہتے ہیں۔ مجھے اُمید ہے کہ جامعہ گجرات ایک حساس موضوع پر آزمائشی مشقوں کا اہتمام کرنے جا رہی ہے۔ ان خیالات کا اظہار ڈسٹرکٹ کوارڈینیٹرآ فسر گجرات لیاقت علی چٹھہ نے جامعہ گجرات میں منعقدہ ڈزاسٹرمینجمنٹ کے سلسلہ میں ایک اجلاس کے شرکاء سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ جامعہ گجرات کے ORICکے زیرا ہتمام کسی بھی نا گہانی آفت سے نبٹنے کے لیے جمعتہ المبارک کو امدادی سرگرمیوں کی فراہمی بارے آزمائشی مشقوں کا اہتمام کیا جا رہا ہے۔ جس میں شہری انتظامیہ، نوازشریف میڈیکل کالج ، جامعہ گجرات کے مختلف شعبہ جات، عزیز بھٹی شہید ہسپتال کی انتظامیہ اور کئی پرائیویٹ تنظیمیں حصہ لے رہی ہیں۔ وائس چانسلر جامعہ گجرات ڈاکٹر ضیاء القیوم نے اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کہا کہ مفاد ِ عامہ کا صحیح معنوں میں خیال رکھنا اداروں کا فرض اوّلین ہے۔ جامعہ گجرات علاقہ کی معاشرتی و سماجی ترقی کے لیے مختلف خدمات سر ا نجام دے رہی ہے۔آفات سے نبٹنے کے لیے آزمائشی مشقوں کا اہتمام بھی اسی سلسلہ کی ایک کڑی ہے۔ مجھے اُمید ہے کہ ان مشقوں کے انعقاد سے ہمیں ایک نیا عزم و حوصلہ ملے گا۔ آزمائشی مشقوں کے کوارڈینیٹر ڈاکٹر ظفر اقبال گل نے ان آزمائشی مشقوں کی غرض و غایت اور اہمیت پر روشنی ڈالتے ہوئے کہا کہ آفات سے نبٹنے کے لیے آزمائشی مشقوں کا انعقاد بہت ضروری ہے۔ ہمارا معاشرہ اس وقت کئی خطروں اور مسائل کا شکار ہے اور عوام براہ راست ان آفات کا شکار ہو رہے ہیں۔ اُنہوں نے کہا کہ ان آزمائشی مشقوں کے ذریعے ہم مختلف اداروں کے نظام کو بہتر بنانے کی راہ پر گامزن ہونگے۔ ڈائریکٹرORICڈاکٹر مدثر اقبال نے آفات سے نبٹنے کے حوالہ سےORICکی جانب سے منعقدہ ورکشاپوں ، اقدامات اور انتظامات سے شرکاء کو روشناس کروایا۔ اُنہوں نے کہا کہ مقامی مسائل کو حل کرنے کے لیے ان کا ادراک بہت ضروری ہے۔
…………………………… …………………………… گجرات (جی پی آئی) پاکستان مسلم لیگ ق کی رکن صوبائی اسمبلی خدیجہ عمرفاروقی صدر پاکستان مسلم لیگ شعبہ خواتین پنجاب نے محکمہ ہائر ایجوکیشن کے تحت صوبہ بھر کے کالجوں میں کالج ٹیچینگ انٹرنیز کی تنخواہوں کی عدم ادائیگی پر پنجاب اسمبلی میں تحریک التوائے کار جمع کروادی ہے ۔انہوں نے اپنی تحریک جمع کرواتے ہوئے کہا کہ کئی سالوںسے ٹیچنگ اسٹاف کی ہزاروں خالی آسامیوں کی کمی پورا کرنے کیلئے گذشتہ برس ستمبر2014ء میں 5ہزار سی ٹی آئیز(کالج ٹیچنگ انٹرنیز )اساتذہ کی تعیناتی کی تھی۔جنہوںنے یکم اکتوبر2014سے باقاعدہ ٹیچنگ شروع کردی تھی تقرری لیٹر کے مطابق انہیں ہر مہینے 30ہزار روپے تنخواہ دینا طے پایا تھا لیکن تقریباً آٹھ ماہ مکمل ہونے کو ہیں مگر انہیں ایک ماہ کی بھی تنخواہ کی ادائیگی نہیں کی گئی ۔خدیجہ فاروقی نے کہا کہ اکتوبر2014سے تاحال تنخواہوں کی عدم ادائیگی پر5ہزار خاندانوں کے چولہے بند پڑے ہیں 5ہزار اساتذہ جن میں خواتین بھی شامل ہیں اپنی خدمات سرانجام دینے کے باوجود تنخواہوں کی عدم ادائیگی پر پریشانیوں کا شکار ہیں انہوںنے کہا کہ پنجاب میں 5ہزار اساتذہ کی تنخواہیں ادا نہ کرنا بیڈ گورننس کی انتہا ہے اس کے ذمہ دراوں کے خلاف کارروائی کی جائے اور 5ہزار اساتذہ کو فوری طور پرتنخواہوں کے تمام بقایا جات ادا کیے جائیں ۔انہوںنے کہا کہ حکومت کے پاس جنگلہ بس ،اورنج ٹرین ،میٹرو ٹرین منصوبہ اور میگا پراجیکٹ کیلئے اربوں روپے تو موجود ہیں لیکن سرکاری اساتذہ کو تنخواہوں کی ادائیگی کیلئے رقم کیوں نہیں ؟
…………………………… …………………………… گجرات (جی پی آئی) ڈی سی او لیاقت علی چٹھہ نے شہباز شریف پارک کی تعمیر میں سست روی کا سخت نوٹس لیا ہے اور ڈی او بلڈنگز کو ہدایت کی ہے کہ متعلقہ کنٹریکٹر کو فوری نوٹس جاری کیا جائے کا م تیز نہ کرنے پر اسکا کنٹریکٹ منسوخ کر دیا جائے نیز رواں مالی سال کے لئے پارک کی تعمیر کے لئے مختص فنڈز کا سو فیصد استعمال یقینی بنایا جائے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے پارک میں تعمیراتی کاموں کے معائنہ کے موقع پر کیا، ڈی او بلڈنگز آصف میر، سب انجینئر غلام عباس و دیگر بھی اس موقع پر موجود تھے۔ ڈی سی اولیاقت علی چٹھہ نے دورہ کے موقع پر پارک میں پودوں اور گھاس کی آبپاشی کے لئے تعمیر کئے جانیوالے واٹر چینل کا معائنہ کیا اور ہدایت کی کہ ہارٹی کلچر و جاگنگ ٹریک کا کام بلا تاخیر شروع کیا جائے۔انہوںنے واضع کیا کہ شہباز شریف پارک نہ صرف گجرات بلکہ گوجرانوالہ ڈویژن کا اہم ترین تفریحی منصوبہ ہے جس کی تعمیر میں تاخیر یا سستی ہرگز برداشت نہیں کی جائے گی۔ اس موقع پر ڈی او بلڈنگز و دیگر حکام نے ڈی سی اولیاقت علی چٹھہ کو تعمیراتی کاموں کے حوالے سے تفصیلی بریفنگ دی۔
…………………………… …………………………… گجرات (جی پی آئی) ڈسٹرکٹ جیل گجرات میں تھانہ کڑیانوالہ کے مقدمہ قتل کے مجرم محمد اقبال عرف بالا ولد جمال دین قوم گجر سکنہ موضع مرزا کو 21مئی 2015 صبح ساڑھے چار بجے تختہ دار پر لٹکا دیا جائے گا۔ سپرنٹنڈنٹ جیل کی پریس ریلیز کے مطابق مجرم کے خلاف تھانہ کڑیانوالہ میں مورخہ 19نومبر1998کو زیر دفعہ 302/148/149مقدمہ درج ہوا تھا جرم ثابت ہونے پر عدالت نے مجرم کو سزائے موت کا حکم سنایا تھا۔
…………………………… …………………………… گجرات (جی پی آئی) اے ڈی سی عرفان علی کاٹھیا اور اسسٹنٹ کمشنر میاں اقبال مظہر نے گرانفروشوں کے خلاف کریک ڈائون کے دوران 8گرانفروشو ں کے خلاف مقدمات درج کرا دیے ہیں، پانچ گرانفروشوں کو سمری ٹرائل کرکے جیل بھجوادیا گیا ہے جبکہ2 گرانفروش پر 8ہزار روپے جرمانہ عائد کر دیا گیا ہے۔ ڈی سی او لیاقت علی چٹھہ کی ہدایت پر کریک ڈائون کے دوران اے ڈی سی عرفان علی کاٹھیا نے سبحان ڈیریز، نور ڈیری، سردار ڈیری، گوندل سویٹس، رحمان ڈیری اور علی رضا ڈیری کو چیک کیا اور مہنگے داموں دہی فروخت کرنے پر انکے مالکان کے خلاف مقدمات درج کرا دیے۔ اے ڈی سی نے بیسن مہنگے داموں فروخت کرنے پر جامع آٹا چکی اور افتخار خان کے خلاف بھی مقدمات درج کر ادیے جبکہ دہی مہنگے داموں دہی فروخت کرنے پر ناصر جاوید پر پانچ ہزار روپے جرمانہ عائد کر دیا۔ دوسری طرف اے سی گجرات میاں اقبال مظہر نے پانچ گرانفروشوں سکندر حسین، محمد آصف، کرامت اللہ، محبوب علی اور صابر کو دہی مہنگے داموں فروخت کرنے پر انکا سمری ٹرائل کرکے فوری جیل بھیج دیا جبکہ غلام حسین پر تین ہزار روپے جرمانہ عائد کر دیا گیا۔