جامعہ گجرات نئی نسل کی اخلاقی و فکری تربیت کا فریضہ سر انجام دینے میں ہمہ وقت کوشاں ہے

Gujarat

Gujarat

گجرات : ثقافتی اور سماجی سرگرمیوں کے ذریعے علم و فن کا فروغ اور افکار تازہ کا نمود جامعات کی تہذیبی زندگی کا اہم حصہ ہے۔ جامعات کی ذمہ داری صرف تعلیم تک محدود نہیں بلکہ معاشرہ میں اعلیٰ و ارفع اقدار کا فروغ اور سماجی ترقی میں ہاتھ بٹانا بھی جامعات کا شعوری حصہ ہے۔ جامعہ گجرات علاقہ کی معاشرتی و سماجی ترقی اور نئی نسل کی اخلاقی و فکری تربیت کا فریضہ سر انجام دینے میں ہمہ وقت کوشاں ہے۔

جامعہ گجرات کا مرکز برائے السنہ علوم و ترجمہ مبارکباد کا مستحق ہے کہ وہ مختلف زبانوں میں تراجم کے ذریعے قومی یکجہتی اور پاکستانی معاشرہ میں برداشت و رواداری کے جذبات بیدار کرنے کے لیے مہمیز کا کام کر رہا ہے۔ ان خیالات کا اظہار وائس چانسلر جامعہ گجرات پروفیسر ڈاکٹر ضیاء القیوم نے مرکز السنہ علوم و ترجمہ کے زیر اہتمام ایک ادبی و ثقافتی نشست کے شرکاء سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔

اس نشست کے مہمانان اعزازی میں ڈائریکٹرUOGکیمپس سیالکوٹ ڈاکٹر انواراحمد، ڈاکٹر تبسم کاشمیری ، ڈاکٹر سعادت سعید، ڈاکٹر مرزا حامد بیگ اور ممتاز سکالر جوڈیشنل کمشنر لاہور خالد محمو د شامل تھے۔ اس ادبی و ثقافتی نشست میں شیکسپئر کے مشہور زمانہ کھیل ہمیلٹ اور مشہور ڈرامہ ڈاکٹر فاسٹس کو اُردو تراجم کے ذریعے طلبا وطالبات نے سٹیج پر ڈرامہ کی صورت میں پیش کیا۔ اُردو تراجم کی بندش اور اداکاروںکی محنت کو ناظرین نے خوب سراہا۔ ایک پشتو نظم کا اُردو ترجمہ بھی پیش کیا گیا۔

گلگت بلتستان سے تعلق رکھنے والے طلبہ نے اپنے علاقہ کا مشہور رقص پیش کیا۔ ایک طالب علم نے جب سرائیکی لوک گیت پیش کیا تو محفل مسحور ہو کر رہ گئی۔ ایم فل علوم ترجمہ کے طالب علموں نے مشین او رسکرین ٹرانسلیشن کے خوبصورت نمونے پیش کیے۔ ڈائریکٹر میڈیاUOGشیخ عبدالرشید نے کہا کہ قومی یکجہتی اور پاکستان کے مختلف علاقوں میں ثقافتی ہم آہنگی پیدا کرنے کے لیے ایسی ادبی و ثقافتی سرگرمیاں لامحدود امکانات کی حامل ہیں۔ مہمانان اعزازی نے طلبہ کی سرگرمیوں کو بھرپور سراہتے ہوئے انہیں داد سے نوازا۔ مرکز برائے السنہ و علوم ترجمہ کے کوآرڈینیٹر ڈاکٹر غلام علی نے اظہار تشکر میں کہا کہ ادب و ثقافت کسی معاشرہ کی علاقائی روایات کا ترجمان ہوتا ہے۔

ادبی سرگرمیاں معاشرہ میں امن کی پیغامبر ہوتی ہیں۔ صدر شعبہ انگریزی ڈاکٹر ریاض احمد مانگریو نے کہا کہ مرکز برائے السنہ و علوم ترجمہ کی شاندار کاوشیں تراجم کے ذریعے بین الثقافتی ہم آہنگی کو فروغ دینے کی اہم کوشش ہیں۔ ریسرچ سکالرز میجر عتیق اللہ، اقلیمیہ، راشد اللہ بٹ، محمد عمر، انصار اسطوری، فریحہ، کامران اورحسن نے نمایاں کارکردگی پر حاضرین و انتظامیہ سے داد وصول کی، طالب علموں نے علوم ترجمہ کے شعبہ کی کاوشوں کو بھرپور خراج تحسین پیش کیا۔