گوجرانوالہ : اغوا برائے تاوان کے 5 ملزمان کی جیل میں شناختی پریڈ

Gujranwala

Gujranwala

گوجرانوالہ (جیوڈیسک) گوجرانوالہ میں فیس بک اور فون کال کے ذریعے اغوا برائے تاوان کے الزام میں گرفتار 5 ملزمان کی سینٹرل جیل میں شناختی پریڈ کے دوران بہت سے غیر متعلقہ افراد بھی آپہنچے۔ گوجرانوالہ میں فیس بک کے ذریعے اغوا برائے تاوان کے الزا م میں گرفتار خاتون سمیت 5 ملزمان کی مدد کے لئے با اثر افراد میدان میں کود پڑے۔ سینٹرل جیل گوجرانوالہ میں شناختی پریڈ کے دوران مدعیان پر دباو ڈالنے کی کوشش کی گئی تو بہت سے چہرے کیمرے کی آنکھ سے بچ نہ سکے۔ اس کیس میں مدعیان پر صلح کے لئے دباو، خود ایس پی سول لائن خرم شعیب نے بھی تسلیم کیا۔

ذرائع پر سارے معاملے کا پردہ اٹھائے جانے کے بعد مدعیان کو ہراساں کرنے کے الزام میں تین افراد کے خلاف مقدمہ درج کر لیا گیا۔ دوسری طرف شناختی پریڈ مکمل کرکے جوڈیشل مجسٹریٹ نے رپورٹ سیشن جج کو ارسال کر دی ہے۔ گوجرانوالہ میں ایک ہفتے قبل پولیس نے فیس بک استعمال کرکے لوگوں کو اغوا برائے تاوان کے الزام میں خاتون سمیت پانچ ملزمان کو گرفتار کیا تھا۔ جس میں ایک ملزم ایس ایچ اوکا بیٹا، دوسرا ملزم لا گریجویٹ اورایک ملزم پولیس کانسٹیبل تھا۔