گوجرانوالہ (اصل میڈیا ڈیسک) گوجرانوالہ میں مبینہ زیادتی اور تشدد کا شکار 13 سالہ بچہ دوران علاج دم توڑ گیا، پولیس نے واقعے میں ملوث ایک ملزم کو گرفتار کر لیا۔
گوجرانوالہ کی تحصیل نوشہرہ ورکاں کے رہائشی بچے کے والد نے پولیس کو بتایا کہ ان کے بیٹے کی محلہ دار نوجوان جمشید سے چند روز قبل بہن پر فقرے کسنے سے منع کرنے پر تلخ کلامی ہوئی تھی، ملزمان نے بچے کو مبینہ طور پر زیادتی اور تشدد کے بعد خالی پلاٹ میں پھینک دیا تھا۔
بچے کے والد نے الزام لگایا ہے کہ واقعے میں محلے دار اور اس کے 3 ساتھی ملوث ہیں۔
پولیس نے بچے کے والد کی مدعیت میں قتل کی دفعات کے تحت مقدمہ درج کر لیا اور پولیس حکام کا کہنا ہے کہ پوسٹ مارٹم میں شواہد ملے تو زیادتی کی دفعات شامل کی جائیں گی۔
پولیس کا کہنا ہے کہ واقعے میں ملوث ایک ملزم کو گرفتار کر لیا گیا ہے جبکہ دیگر افراد کی گرفتاری کے لیے چھاپے مارے جا رہے ہیں۔