گوجرانوالہ: امام بارگاہوں میں تین افراد کی ہلاکت، ورثا کا احتجاج

Gujranwala Protest

Gujranwala Protest

گوجرانوالہ (جیوڈیسک) گوجرانوالہ کی دو امام بارگاہوں میں نامعلوم افراد کی فائرنگ سے امام مسجد سمیت تین افراد جاں بحق ہو گئے۔ واقعے کے بعد ورثا اور مشتعل افراد سڑکوں پر نکل آئے اور میتیں سڑک پر رکھ کر احتجاج کیا۔ گوجرانوالہ میں دوامام بارگاہوں میں فائرنگ سے تین افراد کی ہلاکت کے بعد شہر میں کشیدگی ہے۔

ورثا اور مشتعل افراد نے عالم چوک بائی پاس پر میتیں رکھ کر احتجاج کیا اور روڈ بلاک کر دیا۔ بعض مشتعل افراد نے دکانیں بند کرانے کی بھی کوشش کی۔ فائرنگ کے واقعات نماز فجر کے وقت پیش آئے۔ پولیس کے مطابق نامعلوم افراد نے پہلے محلہ شاہ رخ کالونی میں واقع امام بارگاہ کو نشانہ بنایا۔ ملزمان کی فائرنگ سے امام مسجد موقع پر ہی جاں بحق ہوگئے۔

فائرنگ کا دوسرا واقعہ مومن پورہ کی امام بارگاہ کے اندر پیش آیا۔ جس میں دو نمازی جاں بحق ہوئے۔ عینی شاہدین نے بتایا کہ ملزمان نے سائلنسر لگی پستول سے فائرنگ کی اور فرار ہو گئے۔ پولیس واقعے کے آدھے گھنٹے کے بعد پہنچی۔