گوجرانوالہ میں وال چاکنگ کے الزام میں 15 ماہ کے بچے کے وارنٹ گرفتاری جاری

Gujranwala

Gujranwala

گوجرانوالہ (جیوڈیسک) وال چاکنگ کے الزام میں سول جج نے ایک سال 3 ماہ کے بچے کے وارنٹ گرفتاری جاری کر دیئے۔ گزشتہ سال عام انتخابات کے دوران گوجرانوالہ کے علاقے جلال پور جٹیاں کی پولیس نے وال چاکنگ کے الزام میں الیکشن کمیشن کی درخواست پر پاکستان مسلم لیگ (ن) کے ایم این اے نوابزادہ مظہر علی خان، ایم پی اے میجر ریٹائرڈ نعیم نواز، پاکستان پیپلزپارٹی کی سینٹرل ایگزیکٹیو کمیٹی کے رکن نوابزادہ غضنفر علی گل اور ایک سال 3 ماہ کےابراہیم نامی بچے کے خلاف مقدمہ درج کیا تھا تاہم عدالت میں پیش نہ ہونے پر آج سول جج نے پولیس کو احکامات جاری کئے ہیں کہ چاروں ملزمان کو گرفتار کرکے عدالت میں پیش کیا جائے۔

واضح رہے کہ چند روز قبل لاہور پولیس نے بغیر تفتیش کے 9 ماہ کے موسیٰ کے خلاف اقدام قتل کا مقدمہ درج کر لیا تھا جس کے باعث کئی روز تک بچے کے گھروالوں کو اذیت کا سامنا کرنا پڑا تاہم بعد ازاں مقامی عدالت کی سرزنش پر پولیس نے بچے کے خلاف اقدام قتل کا مقدمہ خارج کر دیا تھا۔