گوجرانوالہ : سستی روٹی اسکیم بند ہونے کے خلاف پلانٹ مالکان کا احتجاج، سستی روٹی اسکیم بند ہونے کہ وجہ سے ان کے گھروں کے چولہے ٹھنڈے پڑگئے ہیں اوران کے بچے فاقوں پر مجبور ہیں۔ سستی روٹی اسکیم کو دوبارہ بحال کیا جائے پلانٹ مالکان کا مطالبہ۔
تفصیلات کے مطابق سستی روٹی اسکیم بندہونے کے خلاف پلانٹ مالکان نے ڈی سی او آفس کے باہر احتجاج کیا اور حکومت کے خلاف نعرے بازی کی مظاہرین نے ہاتھوں میں بینرز اور پلے کارڈ اٹھا رکھے تھے پلانٹ مالکان کا کہنا تھا کہ انھوں نے وزیراعلی پنجاب کی سستی روٹی اسکیم کو کامیاب بنانے کے لیے دن رات محنت کی اور پلانٹ قسطوں پر لے کر لگائے ہیں۔
انھوں نے کہا کہ پلانٹ کی قسط ،کرایے اورگیس بل کی مد میں انھیں بیس ہزار روپے مہینہ ادا کرنا پڑرہا ہے لیکن حکومت پنجاب کی طرف سے سستی روٹی اسکیم بندہونے کے باعث ان کے گھروں کے چولہے ٹھنڈے پڑ گئے ہیں اوران کے بچے فاقوں پر مجبور ہیں۔
انھوں نے حکومت سے مطالبہ کیا کہ اس فلاحی اسکیم کو دوبار ہ شروع کیا جائے تاکہ ان کا روزگار بھی چل سکے۔