گوجرانوالہ (اصل میڈیا ڈیسک) گوجرانوالہ میں کورونا وائرس نے ایک ہی روز میں ایم پی اے ، ڈاکٹر اور گورنمنٹ کالج کے سابق پرنسپل کی جان لے لی جب کہ ایک ڈاکٹر کی اہلیہ بھی انتقال کر گئیں۔
گوجرانوالہ میں کورونا وائرس کے مریضوں کی تعداد میں تیزی سے اضافہ ہونے لگا اور ضلع بھر میں متاثرہ مریضوں کی تعداد 37 ہو گئی جب کہ 1309 مریض اسپتالوں میں زیر علاج ہیں۔
گزشتہ 24 گھنٹوں میں جان لیوا وائرس سے لڑتے ہوئے ن لیگ کے ایم پی اے شوکت منظور چیمہ، گورنمنٹ کالج کے سابق پرنسپل پروفیسر شریف عارف، ڈاکٹر سلیم مدان اور ایک ڈاکٹر کی اہلیہ انتقال کرگئیں۔
اس کے علاوہ کورونا وائرس کا شکار ہونیوالے دو سینیئر ڈاکٹرز ڈی ایچ کیو اسپتال کے آئی سی یو وارڈ میں زندگی اور موت کی جنگ لڑنے میں مصروف ہیں۔
متاثرہ ڈاکٹرز میں کورونا وارڈ کے انچارج ایسوسی ایٹ پروفیسر ڈاکٹر عاصم سلیم شیخ اور پی ایم کے سابق صدر ڈاکٹر گلزار چوہدری شامل ہیں۔
صورتحال کو دیکھتے ہوئے محکمہ صحت نے شہریوں کو خبردار کیا ہے کہ احتیاطی تدابیر پر سختی سے عملدرآمد نہ کروایا تو حالات مزید بگڑ سکتے ہیں۔