گوجرانوالا کی عدالت کا جیو کے خلاف مقدمہ داخل دفتر کرنے کا حکم

Geo

Geo

گوجرانوالا (جیوڈیسک) جنگ گروپ کے ترجمان نے کہا ہے کہ تین مخصوص چینل جیواور جنگ گروپ کے پیچھے پڑے ہوئے ہیں۔ ان چینلز نے بہتان تراشی کی انتہا کر رکھی ہے۔ وہ دن بھر غلط خبر چلاتے رہے لیکن انھیں ایک بار پھر منھ کی کھانی پڑی۔

گوجرانوالا میں انسداد دہشتگردی کی خصوصی عدالت نے جیو ٹی وی کے پروگرام اٹھو جاگو پاکستان کے خلاف توہین آمیز پروگرام کےالزام میں درج مقدمہ داخل دفتر کرنے کا حکم دے دیا۔ پولیس کے مطابق سیکریٹری بار کھاریاں چودھری طاہر رشید کی مدعیت میں میر شکیل الرحمان، شائستہ لودھی، وینا ملک اور اسد خٹک کیخلاف تھانا سرائے عالمگیر کھاریاں میں مقدمہ درج کیا گیا تھا۔

پیمرا کی جانب سے جیو کو ملنے والی سزا کے بعد پولیس نے از خود مقدمہ خارج کر دیا تھا۔ عدالتی ذرائع کے مطابق مقدمہ دوبارہ چلانے کیلیے چوہدری طاہررشید نے انسداد دہشتگردی کی خصوصی عدالت میں درخواست دائر کی تھی۔

جس کے جواب میں پولیس حکام نے مقدمے کی اخراج رپورٹ عدالت میں جمع کرائی، انسداد دہشتگردی کی خصوصی عدالت کے جج چودھری امتیاز نے پولیس کی جانب سے جمع کرائی گئی اخراج رپورٹ سے اتفاق کرتے ہوئے مقدمے کو داخل دفتر کرنے کا حکم سنادیا۔