گوجرانوالہ (جیوڈیسک) گوجرانوالہ میں ڈاکوئوں نے واردات کے دوران پکڑا جانے والا اپنا ساتھی چھڑانے کے لئے گڈز ٹرانسپورٹر کو قتل کر دیا اور ڈاکو چھڑا کر لے گئے۔ واقعہ سے علاقے بھر میں خوف وہراس پھیل گیا۔
یہ واقعہ دھلے کے علاقہ میں پیش آیا جہاں موٹر سائیکل پر سوار 3 مسلح ڈاکوئوں نے ایک گڈز کمپنی میں لاکھوں روپے لوٹنے کی کوشش کی۔ گڈز کمپنی کے مالک عبدالرشید اور اس کے بیٹے بلال اور کیشئیر عمران نے اس موقع پر جرات کا مظاہرہ کرتے ہوئے ایک ڈاکو کو دبوچ لیا جبکہ اس کے باقی دونوں ساتھی موقع سے فرار ہوگئے۔
گڈز اڈے کی انتظامیہ پکڑے جانے والے ڈاکو کو کمرے میں بند کر رہی تھی کہ فرار ہونے والے دونوں ڈاکوئوں نے دوبارہ وہاں ہلہ بول دیا اور آتے ہی فائرنگ شروع کر دی جس سے اڈے کا مالک عبدالرشید ہلاک جبکہ اس کا بیٹا بلال اور کیشئیر عمران شدید زخمی ہو گیا۔ حملہ آور ڈاکو اپنے ساتھی کو چھڑا کر لے جانے میں کامیاب ہوگئے۔ فائرنگ کے واقعہ پر علاقے بھر میں خوف و ہراس پھیل گیا۔
لوگوں نے ریسکیو 1122 اور مقامی تھانہ دھلے پولیس کو اطلاع کی جنہوں نے زخمیوں کو سول ہسپتال منتقل کر دیا ہے جہاں ان کو طبی امداد دی جا رہی ہے۔ ورثا کے مطابق ڈاکو لاکھوں روپے لوٹ کر موقع سے فرار ہو گئے۔ پولیس نے علاقے کی ناکہ بندی کر کے تفتیش شروع کر دی ہے۔