گوجرانوالہ الیکٹرک پاور کمپنی (گیپکو) نے 45 ویں واپڈا انٹر یونٹ ریسلنگ مقابلے جیت لی

گوجرانوالہ : گوجرانوالہ الیکٹرک پاور کمپنی (گیپکو) نے 45ویں واپڈا انٹر یونٹ ریسلنگ مقابلے جیت لی۔ جناح سٹیڈیم گوجرانوالہ میںہونے والے مقابلوں میں گیپکو نے 95پوائٹس کے ساتھ پہلی جبکہ لاہور الیکٹرک سپلائی کمپنی( لیسکو) نے68پوائنٹس کے ساتھ دوسری اور فیصل آباد الیکٹرک سپلائی کمپنی (فیسکو) نے 44پوائنٹس کے سا تھ تیسری پوزیشن حاصل کی۔ 3 دن تک جاری رہنے والے اِن مقابلوں میں ڈسٹری بیوشن کمپنیوں(ڈسکوز) اوراین ٹی ڈی سی کی ٹیموں نے بھرپور شرکت کی۔

تقسیم انعامات کی تقریب کے مہمانِ خصوصی چیف ایگزیکٹو گیپکو محبوب عالم نے جیتنے والی ٹیم کو ٹرافی جبکہ دیگر کھلاڑیوں میں انعامات تقسیم کئے۔ اس موقع پر گیپکو سپورٹس ایسو سی ایشن کے صدر حشمت علی کاظمی ، چیف انجینئرز ظہور احمد چوہان ، غلام محمد ،ڈائریکٹر سپورٹس واپڈا سپورٹس بورڈ کرنل عامر،جنرل سیکرٹری پاکستان ریسلنگ فیڈریشن ارشد ستار،جنرل سیکرٹری گیپکو سپورٹس ایسو سی ایشن یوسف ثانی مرزا ، سپورٹس آفیسر گیپکو احتشام الحق سپرا، سپورٹس اسسٹنٹ اختر شاہ، پبلک ریلیشنز اسسٹنٹ محمد عامر،دیگر ٹیموں کے سپورٹس افسران ، ٹیم مینجرز، کوچز ،گیپکو آفیشلزاور کھلاڑیوں سمیت مقابلے دیکھنے کے آئے ہوئے لوگوں کی کثیر تعداد موجود تھی۔تقریب سے اپنے استقبالیہ خطاب میں صدر سپورٹس ایسو سی ایشن حشمت علی کاظمی نے مہمانِ خصوصی چیف ایگزیکٹو محبوب عالم اور دیگر مہمانوں کا شکریہ ادا کیا۔ انہوں نے بہترین نظم و ضبط کا مظاہرہ کرنے پر کھلاڑیوں کی تعریف کی اور عمدہ طریقہ سے واپڈا انٹر یونٹ ٹورنامنٹ کے مقابلوں کے انعقاد پرگیپکو سپورٹس ایسو سی ایشن انتظامیہ کو مبارکباد دا ور خراج تحسین پیش کیا ۔حشمت علی کاظمی نے کہا کہ ریسلنگ مقابلوں کا انعقاد ہمارے لئے ایک چیلنج سے کم نہیں تھا مگر خدا کے فضل و کرم سے مقابلوں کا کامیاب انعقاد کر کے پہلوانوں کے شہر کے شائقین کو مثبت تفریح فراہم کی۔انہوں نے تقریب میں خصوصی طور پر شرکت کرنے والے لالہ محمد انور کا بھی شکریہ ادا کیا انہوں نے بتایا کہ لالہ محمد انور کے4صاحبزادے پاکستان ریسلنگ ٹیم اور گیپکو کی ریسلنگ ٹیم کے کھلاڑی ہیں جو کامن ویلتھ گولڈ میڈل کے ساتھ ساتھ قومی اور بین الاقوامی سطح پر کئی میڈلز حاصل کر چکے ہیں۔