گوجرانوالہ: ہر دور میں الیکٹرونک میڈیا کی طرح پرنٹ میڈیا کا بھی اصلاح معاشرہ میں اہم کردار رہا ہے، جسے ادا کرنے کے لیے وطن عزیز کے دیگر نیشنل، انٹر نیشنل اور مقامی اخبارات کے ساتھ ماہنامہ دعوت تنظیم الاسلام عرصہ دراز سے سرگرم ہے، یہ ماہنامہ دین حق کی دعوت اور صداء کو عالمی ادارہ تنظیم الا سلام کے پلیٹ فارم سے بلند کر رہا ہے، ماہنامہ دعوت تنظیم الاسلام کا قلم آج تک حاکمان جفاجو کے سامنے جھک نہیں سکا بلکہ ہر دور میں صدائے حق کا علمبردار رہا ہے ،ان خیالات کا اظہار مدیر اعلیٰ ماہنامہ دعوت تنظیم الا سلام صاحبزادہ پیر محمد رفیق احمد مجددی نے ماہنامہ کی سالانہ تقریب تقسیم انعامات منعقدہ درگاہ حضرت ابوالبیان 121بی ماڈل ٹائون میں صدارتی خطاب کرتے ہوئے کیا۔
صاحبزاہ پیر محمد عتیق الرحمان مجددی آستانہ عالیہ ڈھانگری شریف آزاد کشمیر نے کہا کہ عالمی ادارہ تنظیم الا سلام کے زیر اہتمام یہ ماہنامہ پچیس سال سے تبلیغ دین متین کے فرائض سر انجام دے رہا ہے جو فرقہ وارانہ منافرت کے اس دور میں محبتوں کا پیغام ہے اور جس کا طرئہ امتیاز عشق رسولۖ ہے ،جبکہ علامہ عبدالعزیز چشتی نے کہا کہ یہ ماہنامہ اسلامی انقلاب ، روحانی اقدار کا داعی اور فکر مجددیہ کا امین ہے بلاشہ یہ مجلہ علم وآگہی کا روشن مینار ہے،سینکڑوں افراد کے اس اجتماع سے مقررین نے ماہنامہ کی علمی ،فکری اور تحقیقی اہمیت کو واضح کیا،اس تقریب میں محمد سعید احمد صدیقی مجددی ،علامہ مفتی تنویر حسین مجددی،علامہ محمد یاسین مجددی،علامہ شہزادہ محمد عارف مجددی ، علامہ محمد انور سعید مجددی ،پروفیسر نوید اقبال مجددی ،فیض احمد رانجھاسمیت اراکین ادارہ اور اہل علاقہ کی کثیر تعداد نے شرکت کی، جبکہ تلاوت و نعت رسول مقبول ۖ کے فرائض قاری خادم بلال مجددی نے ادا کئے۔