گوجرانوالہ (جیوڈیسک) شیخوپورہ روڈ پر فیکٹری میں گیس سلنڈر دھماکے کے نتیجے میں 32 مزدور زخمی ہوگئے ، ذرائع کا کہنا ہے کہ فیکٹری میں گیس سلنڈر لاتے پوئے دھماکے سے پھٹ گیا جس سے متعدد افراد زخمی ہو گئے۔
فیکٹری میں دو سو سے زائد مزدور کام کرتے ہیں ، دھماکے سے فیکٹری مکمل طور پر تباہ ہوگئی۔ متعدد مزدور ملبے تلے دبے ہوئے ہیں ، فیکٹری میں دھماکہ سلنڈر پھٹنے سے ہوا ، دھماکے سے قریبی عمارتوں کو بھی نقصان ہوا جبکہ 32 افراد زخمی ہوئے ، ذرائع کا کہنا ہے کہ گیس لیکج سے 4 دھماکے ہوئے جس سے فیکٹری کی چھت گر گئی جس کے نیچے دب کر بھی کئی مزدور زخمی ہوئے۔
دھماکے کی شدت اتنی زیادہ تھی کہ اس سے قریبی عمارتوں کو بھی شدید نقصان ہوا جس کے بعد عمارتوں کو خالی کرا لیا گیا ، حادثے کے وقت فیکٹری میں گیس سلنڈر کو ٹرک سے اتارا جا رہا تھا کہ سلنڈر ٹرک سے نیچے گر کر پھٹ گیا جس سے آگ کے شعلے بلند ہوئے جس کی لپیٹ میں آکر متعدد مزدور زخمی ہوئے جبکہ سلنڈر کو ٹرک سے نیچے اتارنے والا مزدور دھماکے کی لپیٹ میں آکر موقع پر ہی جاں بحق ہوگیا جبکہ زیادہ تر مزدور فیکٹری کی گرنے والی چھت کے نیچے آکر زخمی ہوئے جنہیں ہسپتال میں طبی امداد دی جا رہی ہے۔