گوجرانوالا : سابق بار صدر پر مبینہ تشدد، ایس ایچ او سمیت پورا تھانا معطل

Gujranwala

Gujranwala

گوجرانوالا (جیوڈیسک) گوجرانوالا میں سابق صدر بار ایسوسی ایشن اور ان کے بچوں کو تشدد کا نشانہ بنانے والے ایس ایچ او سمیت 30 پولیس اہلکاروں کو معطل کردیا گیا۔ معطل اہلکاروں میں سے 8 کو گرفتار کر لیا گیا جبکہ ایس ایچ او فرار ہوگیا۔ ایس پی خرم شعیب کے مطابق سیف اللہ اور ان کے بیٹوں پر تشدد کرنے پر تھانا جناح روڈ کے تمام 30 اہلکاروں کو معطل کر دیا گیا ہے۔

اہلکاروں کے خلاف کارروائی کی اطلاع ملنے پر ایس ایچ او محمود بٹ فرار ہوگیا ہے جبکہ ایک رضا کار سمیت 8 پولیس اہلکاروں کو گرفتار کرکے حوالات میں بند کردیا گیا ہے۔ دوسری جانب پولیس اہلکاروں کی وردیاں پھاڑنے پر سیف اللہ اور ان کے بچوں کے خلاف بھی مقدمہ درج کرلیا گیا ہے۔

جمعے کو محلہ کھوکر میں پتنگ اڑا نے کے تنازع پر پولیس اہلکاروں اور سیف اللہ کے بیٹوں کے درمیان جھگڑا ہوا تھا۔ پولیس اہلکاروں نے گھر میں گھس کر سیف اللہ اور ان کے بیٹوں کو تشدد کا نشانہ بنایا تھا اور مبینہ طورپر توڑ پھوڑ کی تھی۔