گوجرانوالہ: خرم دستگیر کے وفاقی وزیر بننے پر شدید ہوائی فائرنگ

Khurram Dastgir

Khurram Dastgir

گوجرانوالہ (جیوڈیسک) خرم دستگیر کے وفاقی وزیرتجارت بننے کے بعد پہلی بار گوجرانوالہ آمد پر ان کے حامیوں نے قانون کی دھجیاں اڑا دیں۔ شدید ہوائی فائرنگ سے پورا شہر گونج اٹھا، خوشیاں مناتے کارکنوں نے ٹریفک بھی بلاک کئے رکھی۔

وزارت خرم دستگیر کو ملی لیکن آپے سے باہر ان کے حامی ہو گئے۔ قلمدان سنبھالنے کے بعد وزیر تجارت پہلی بار اپنے آبائی حلقے پہنچے ہی تھے کہ اسلحہ لہراتے کارکن سڑکوں پر آ گئے کوئی کلاشنکوف آزماتا رہا کسی نے چھوٹے ہتھیاروں سے گولیاں چلا کر خوشیاں منائیں۔

پہلوانوں کے شہر میں قانون کی دھجیاں بکھر گئیں لیکن قانون کے رکھوالے، چپ چاپ ڈیوٹی دیتے رہے۔ آئین کی پاسداری کا حلف اٹھانے والے وزیر موصوف نے بھی کسی کو نہ روکا۔ جن کارکنوں کے پاس ہتھیار نہیں تھے وہ ڈھول کی تھاپ پر ٹھمکے لگا کر جشن میں حصہ ڈالتے رہے۔

دوسری جانب ٹریفک جام میں پھنسے بے بس شہری قانون کے سامنے قانون شکنی کا تماشا دیکھنے پر مجبور رہے۔

وزیر اعلی پنجاب نے گوجرانوالہ میں فائرنگ پر سی پی او اور آرپی او سے رپورٹ طلب کر لی. وزیر اعلی نے فائرنگ کرنے والوں کو ایک گھنٹے میں گرفتار کرنے کا حکم دیدیا۔

وفاقی وزیر کی رہائش گاہ کے باہر چھاپہ مار کر ایک لیگی کارکن کو گرفتار کر لیا۔