گوجرانوالہ میں پسند کی شادی پر والدین نے بیٹی کا گلا کاٹ دیا

Gujranwala

Gujranwala

گوجرانوالہ (جیوڈیسک) پسند کی شادی کرنے پر غیرت کے نام پر قتل کا ایک اور واقعہ پیش آیا جس میں گوجرانوالہ میں والدین نے اپنی بیٹی کا گلا کاٹ ڈالا جب کہ مقتولہ ایک بچی کی ماں تھی۔

3 سال قبل پسند کی شادی کرنے والی 20 سالہ مقدس اپنی بیٹی کو حفاظتی ٹیکہ لگوا کر اسپتال سے گھر جارہی تھی کہ اس دوران میکے والے سب کے سامنے اسے گھسیٹ کر گھر لے گئے اور اس دوران کسی نے اسے بچانے کی کوشش نہیں کی۔

مقدس پر اس کے اہل خانہ نے شیشے کی بوتلوں سے تشدد کیا اور پھر اس کا سر تن سے جدا کردیا۔ نمائندہ نے بتایا کہ مقدس نے 3 سال قبل عتیق نامی شخص سے پسند کی شادی کی تھی جس سے اس کی ایک بیٹی ہے جب کہ مقتولہ حاملہ بھی تھی۔

ذرائع کے مطابق لڑکی کے قتل کے بعد اہل خانہ جائے وقوعہ سے فرار ہوگئے جن کی گرفتاری کے لیے چھاپے مارے جارہے ہیں جب کہ پولیس نے مقتولہ کی لاش کو تحویل میں لے کر ضابطے کی کارروائی شروع کردی ہے۔

واضح رہےکہ گزشتہ چند ہفتوں کے دوران پسند کی شادی کرنے پر خواتین کے قتل کے مختلف واقعات پیش آئے ہیں جن میں اب تک 4 خواتین کو قتل کیا جاچکا ہے۔