گوجرانوالہ (جیوڈیسک) ماڈل ٹائون میں 5 مشکوک افراد کو گرفتار کرکے بھاری مقدار میں خود کار اسلحہ برآمد کرلیا۔ ملزمان کا تعلق درہ آدم خیل سے ہے۔ پولیس حکام کے مطابق ملزمان 6 ماہ سے ایک مکان کرایہ پر لے کر یہاں رہ رہے تھے اور مشکوک سرگرمیوں میں ملوث پائے گئے۔
سانحہ پشاور کے بعد جاری سرچ آپریشن کے دوران ان ملزمان کو اطلاع ملنے پر حراست میں لیا گیا ہے ۔ ان کا تعلق درہ آدم خیل سے ہے۔ 2 ملزمان علی رضا اور نوید خان کی باضابطہ گرفتاری ڈال دی گئی جبکہ 3 سے تفتیش جاری ہے۔ ملزمان کے قبضے سے 6 کلاشنکوف، 25 پستول، 3 رائفلیں 233 بور اور سیکڑوں گولیاں برآمد کرلی گئیں۔
ایس پی سٹی طاہر مقصود چھینہ نے ہنگامی پریس کانفرنس میں بتایا کہ امکان ہے کہ ملزمان گوجرانوالہ میں دہشت گردی کی کوئی واردات کرنا چاہتے تھے۔ پولیس نے بروقت کارروائی کرکے دہشت گردی کی واردات کو ناکام بنا دیا۔