گوجرانوالہ تحریک انصاف کا قلعہ ہے: احمد فراز خان

PTI

PTI

وزیرآباد (تحصیل رپورٹر) گوجرانوالہ کے عوام نے تحریک انصاف کے جلسہ میں بھرپور شرکت کر کے ثابت کر دیا ہے کہ گوجرانوالہ تحریک انصاف کا قلعہ ہے اور عوام باری باری کے فارمولہ پر حکومت کرنے والی کرپٹ شخصیات کا احتساب چاہتی ہے۔

ان خیالات کا اظہار تحریک انصاف وزیرآباد کے رہنما احمد فراز خان لودھی ایڈووکیٹ نے اپنے ایک بیان میں کیا۔

انہوں نے کہا کہ پاکستانیوں کے پاس آخری چانس ہے کہ وہ قائد تحریک انصاف عمران خان کی قیادت پر بھرپور اعتماد کا اظہار کرکے ملک کو موروثی سیاست سے پاک کردیں۔

انہوں نے کہا کہ گوجرانوالہ میں تاریخی جلسہ کے بعد حکمرانوں کی آنکھیں کھل جانی چاہیئں احتساب کا وقت ہر گھڑی قریب آرہا ہے۔ ملک لوٹنے والوں کیلئے بہتر یہی ہے کہ وہ لوٹی ہوئی دولت خزانہ سرکار میں جمع کرواکے معافی کے حقدار بنیں وقت گزر گیا تو قوم انہیں کبھی معاف نہیں کرے گی اور ان حکمرانوں کا کڑا احتساب ہوگا۔

احمد فراز لودھی نے کہا کہ مایوسی میں گھرے ہوئے نوجوان طبقہ کو امید کا دامن ہاتھ سے نہیں چھوڑنا چاہیئے بہت جلد تحریک انصاف ملک میں عوامی طاقت سے حکومت بنائے گی اور عوامی تکالیف کا بھرپور ازالہ کرتے ہوئے نوجوانوں کو روزگار، انصاف میسر آئے گا اور ملک میں معاشی انقلاب برپا ہو گا۔