گوجرانوالہ (جی پی آئی) کمشنر گوجرانوالہ ڈویژن شمائل احمد خواجہ نے کہا ہے کہ حافظ آباد کے دو صحافیوں کے قاتلوں کی فوری گرفتاری کیلئے پولیس افسران کو خصوصی ہدایات جاری کر دی گئی ہیں جبکہ صحافیوں کے ورثاء کو مالی امداد کی فراہمی کے ساتھ ساتھ ان کے بچوں کیلئے فری تعلیم مہیا کرینگے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے پریس کلب گوجرانوالہ کے ایک وفد سے ملاقات کے دوران کیا۔ وفد کی قیادت صدر پریس کلب طارق منیر بٹ نے کی جبکہ وفد میں سینئر صحافی اعظم بٹ ‘ نائب صدر پریس کلب ڈاکٹر عمر نصیر ‘ غلام فرید بھی شامل تھے۔ طارق منیر بٹ نے کمشنر کو بتایا کہ وزیر اعلیٰ پنجاب میاں شہباز شریف نے چند ماہ قبل گوجرانوالہ آمد پر پریس کلب کیلئے جگہ اور 10 لاکھ روپے دینے کا وعدہ کیا تھا مگر اس پر ابھی تک عمل نہ ہو سکا ہے جس کی وجہ سے صحافی برادری میں گہری بے چینی پائی جاتی ہے۔ کمشنر نے فوری طور پر سیکرٹری ٹو وزیر اعلیٰ سے ٹیلی فونک بات کی اور انہیں پریس کلب گوجرانوالہ کیلئے اراضی اور فنڈز کے حوالے سے تفصیلات سے آگاہ کیا اور کہا کہ فوری طور پر فنڈز جاری کئے جائیں اور اراضی کا معاملہ بھی حل کیا جائے۔ کمشنر نے صحافیوں کو یقین دلایا کہ چند روز میں مثبت پیش رفت ہو گی۔ ا نہوں نے کہا کہ یہ رقم پریس کلب کے شایان شان نہیں لیکن حکومت پنجاب سے بات کرکے پریس کلب کیلئے مزید فنڈز بھی جاری کرائونگا اور میری خواہش ہو گی کہ گوجرانوالہ میں ایک بہترین پریس کلب کی عمارت بھی قائم ہو۔ صدر پریس کلب اور دیگر صحافیوں نے ان کا شکریہ ادا کیا۔ ۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔ گوجرانوالہ(جی پی آئی)مسلم لیگ ن کے سینئر راہنما و سابق وفاقی وزیرغلام دستگیر خان نے کہا ہے کہ قادری کے گمراہ کن فارمولے عوام کو ورغلانے کے ہتھکنڈے ہیں،جعلی انقلابی2018ء کے الیکشن میں اپنے منشور کی تائید حاصل کرنے عوام میں جائیں،بلاو ل جوش خطابت میں غیر سیاسی زبان استعمال کرنے لگتے ہیں انہوں نے سوچ سمجھ کر بات کرنے کا ہنر نہ سیکھا تو عوام میں مقبول نہیں ہو سکیں گے عمران خان جلسوں پر اربوں روپے ضائع کرنے کی بجائے انتخابی اصلاحات کے لئے پارلیمنٹ میں بات کرتے تو انہیں فائدہ ہوتا،ایم کیو ایم اور پیپلز پارٹی کے درمیان رسہ کشی سندھ میں سیاسی ماحول کو خراب کر سکتی ہے،جماعت اسلامی کودھرنوں جاری میں ناچ گانے کے خلاف کھل کر بات کرنی چاہئے نواز شریف کی استقامت اور عوام کے ساتھ کمٹمنٹ قابل داد ہے ان خیالات کا اظہار انہوں نے اپنی رہائش پر شہریوں کے وفود کے ساتھ بات چیت کرتے ہوئے کیا۔انہوں نے کہا کہ عمران خان اور طاہرالقادری عوام کو گمراہ کرنے کے لئے بلند وبانگ دعوے کر رہے ہیں جعلی انقلابیوں کے پاس کوئی ا لٰہ دین کا چراغ نہیں ہے جسے رگڑ کر وہ راتوں رات ملک کے مسائل کو حل کر دیں گے نئے صوبوں کے قیام کی باتیں کرنے والے پہلے منتخب ہوکر اسمبلیوں میں آئیں اور پارلیمان میں اپنی تجاویز دیںجو ایسی تجاویز پر غور کرنے کا اصل فورم ہے نہوں نے مزید کہا کہ ایم کیو ایم کا ماضی گواہ ہے کہ وہ اپنے فیصلوں پر قائم نہیں رہتی سندھ میں پیپلز پارٹی اور ایم کیو ایم میں فاصلے سیاسی ماحول میں بگاڑ کا باعث بن سکتے ہیں،سینئر راہنما کا کہنا تھا کہ حکومت کو قانون کی حکمرانی کو یقینی بنانے کے لئے سخت فیصلے کرنے ہوں گے اور قانون شکن عناصرکو بلا امتیاز سزا دینا ہو گی،ملک میں معاشی و سیاسی استحکام کے لئے اب دھرنوں کی چھٹی کرانی ضروری ہے ،اس موقع پر سٹیزن کونسل کے راہنما خواجہ عمادالدین،چوہدری اکرام،شاہد عزیز کھوکھراور دیگر بھی موجود تھے۔ ۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔ گوجرانوالہ (جی پی آئی)نوجوان قوم کا قیمتی اثاثہ اور مستقبل کے معمار ہیں ان کی بہتر تعلیم و تربیت کرنا اور انہیں روزگار کے بہتر مواقع فراہم کرنا وقت کی ضرورت ہے ایک نوجوان کو روزگار فراہم کر نے سے ایک خاندان کی پرورش سر پرستی ہو تی ہے صاحب حیثیت شہریوں کا فرض ہے کہ وہ اس مشن کو لیکر آگے بڑھیں جس سے ہمارے معاشرے سے غربت اور جرائم کا خاتمہ ہو نے سمیت حقوق العباد کی عمدہ مثال قائم ہو گی ان خیالات کا اظہار ممتاز لیگی رہنما و صحافی راجہ منظور حسین جنجوعہ نے جنجوعہ برادران کی طرف سے کشمیر کالونی راہوالی کینٹ کے 5مستحق غریب نوجوانوں کو ان کی طرف سے تمام اخراجات برداشت کر تے ہوئے سعودی عرب میں ایک کمپنی میں ملازمت دلانے کے لیے ان نوجوانوں کی روانگی کے موقع پر کیا, راجہ منظور حسین جنجوعہ نے کہا کہ جنجوعہ برادران سیاست کے لیے نہیں بلکہ خدمت خلق کے جذبہ سے سرشار ہو کر اپنے خاندان اور اپنے علاقہ کے نوجوانوں اور غریب مستحق شہریوں کے لیے اپنی خدمات سرانجام دے رہے ہیں اور آئندہ بھی دیتے رہیں گے، راجہ منظور حسین جنجوعہ نے کہا کہ علاقہ میں غریب مستحق بے سہارہ افراد کی بچیوں کی شادی ،واٹر فلٹر یشن پلانٹس لگوانے کے بعد انہوں نے اب ہر سال دس سے بارہ نوجوانوں کو بیرون ملک اپنے خرچہ پر لے جا کر نوکریاں دلانے کے ساتھ ساتھ علاقہ میں فری ڈسپنسری کے قیام کا فیصلہ کیا گیا ہے اور اس کام کی نگرانی انکے بڑے بھائی راجہ منیر حسین جنجوعہ کی سرپرستی میں ہو رہی ہے اور میرے دوسرے بھائی راجہ مختار حسین ،قیصر مسعود جنجوعہ اور راجہ ناصر محمود جنجوعہ بھی اس نیک کام میںاپنی اپنی خدمات سرانجام دے رہے ہیں اس موقع پر انہوں نے سعودی عرب روانہ ہونے والے نوجوانوں کو ہدایت کی کہ وہ محنت سے کام کر کے اپنے خاندان کی کفالت کا ذریعہ بنیں انہوں نے کہا کہ دوسرے مرحلہ میں 3نوجوان جلدہی روانہ ہو ں گے جن کے کاغذات مکمل ہو چکے ہیں ۔ ۔۔۔۔۔۔۔۔۔ گوجرانوالہ(جی پی آئی)مشیر وزیر اعظم آزاد کشمیر ملک ارشد محمود اورمعروف صنعت کار ملک محمد صفدر ،ملک محمد امجد ،ملک محمد افضل کی ہمشیرہ کی شادی معروف صنعتکار ملک عنائت اللہ کے بیٹے حافظ سجاداحمدکے ساتھ ہوئی شادی کی تقریب میں وزیر سیاحت آزاد کشمیر عبدالسلام بٹ، ایم این اے رانا نزیر احمد، ایم این اے میاں طارق محمود،ایم پی اے چودھری محمد اقبال ۔بریگیڈئیر محمد اخلاق ،کرنل طاہر لاہوتی ، برگیڈئر (ر)سردار محبوب سی او ڑیڈکراس ،گلفام احمد وڑائچ ڈپٹی ڈرایکٹر ایف آئی اے،،ڈاکٹر ملک ظفر۔چودھری حلیم اختر، محمد شبیر بیگ،ایچ اے حمید، خواجہ محمد اکرم ،محمد امین ثاقب، خرم شہزاد بٹ،محمد ا ختر نمبردار،محمد شبیر سکریٹڑی یو سی مرالیوالہ، ،عبدالرزاق بٹ،ملک محمد ریاض،مہر محمد اشرف ،محمد شہزاد وڑائچ،ڈاکٹر ملک محمد منیر، محمد افضل ملک،محمد احمد،محمد آصف بٹ،محمد عنصر،تسلیم اللہ مغل، محمد نسیم بٹ ،گوگی ملک سمیت دیگر سیاسی و سماجی شخصیات اور مختلف مکاتب فکر کے لوگوں نے شرکت کی ۔ ۔۔۔۔۔۔۔۔۔ گوجرانوالہ(جی پی آئی)اراضی پر قبضہ میں ناکامی پر زمیندار پر تشدد کیخلاف علاقہ مکینوں کا احتجاجی مظاہرہ’شدید نعرے بازی تفصیلات کے مطابق نواحی علاقہ احمد نگر چٹھہ کے رہائشی شہباز احمد کی ملکیتی 24ایکڑ وراثتی اراضی جوکہ عرصہ دراز سے ناقابل کاشت تھی تقریباً بتیس سال کے عرصہ کے بعد اراضی قابل کاشت ہوئی تو اس پر علاقہ کے بااثر افراد ماسٹر اکرم ، احسان اللہ وغیرہ نے بااثر سیاسی شخصیات کی پشت پناہی کی وجہ سے ناجائز قبضہ کرنا چاہا اور کاشت اراضی پر ہلہ بول دیا زمیندار کی وراثتی اراضی پر قبضہ میں ناکامی کا ملزمان کو شدید رنج تھا چند روز قبل شہباز ضروری کام کے سلسلہ میں اپنے گھر احمد نگر چٹھہ جارہا تھا کہ راستہ میں گھاٹ لگائے ملزمان نے حملہ کردیا اور ڈنڈوں سوٹوں کے وار کرکے شہباز کو شدید زخمی کردیا جسے فوری طبی امداد کیلئے ہسپتال پہنچادیا گیا ملزمان کیخلاف مقدمہ کے اندراج کیلئے تھانہ احمد نگر پولیس کو درخواست دی گئی جس نے ملزمان کیخلاف مقدمہ تو درج کرلیا لیکن بااثر سیاسی شخصیت و سابق سیکرٹری چیف منسٹر کی پشت پناہی کے باعث ملزمان کیخلاف کوئی کاروائی نہ ہوسکی اور ملزمان مدعی مقدمہ و اہلخانہ کو سنگین نتائج کی دھمکیاں دے رہے ہیں جس کیخلاف گذشتہ روز ورثاء و علاقہ مکینوں نے شدید احتجاج کرتے ہوئے نعرے بازی بھی کی مظاہرین نے شدید احتجاج کرتے ہوئے وزیر اعلیٰ پنجاب میاں شہباز شریف،آئی جی پنجاب، ڈی آئی جی گوجرانوالہ ودیگر حکام سے فوری نوٹس لیتے ہوئے ملزمان کیخلاف کاروائی کا مطالبہ کیا ہے۔