لاہور (اصل میڈیا ڈیسک) تھانہ شاہدرہ میں مسلم لیگ (ن) کی نائب صدر مریم نواز سمیت (ن) لیگ کے دیگر رہنماؤں کے خلاف ایک اور مقدمہ درج کیا گیا ہے۔
مقدمہ ایس ایچ او زاہد نوا زکی مدعیت میں درج کیا گیا جس میں مسلم لیگ (ن) کی نائب صدر مریم نواز، کیپٹن ریٹائرڈ محمدصفدر، ملک ریاض، سمیع اللہ خان، ملک پرویز، علی پرویز ملک، بلال یاسین، سمیع اللہ خان اور سیف الملوک کھوکھر سمیت 2200 نامعلوم افراد کو نامزد کیا گیا ہے۔
ایف آئی آر میں الزام لگایا گیا ہے کہ مریم نواز اور دیگر نے شاہدرہ چوک میں ٹریفک بلاک کرکے شہریوں کو پریشانی میں مبتلا کیا جب کہ ریلی میں حکومتی اجازت کے بغیر گاڑی سے باہر آکر خطاب کیا اور حکومت اور ریاستی اداروں کے خلاف اشتعال انگیز تقاریر کیں۔
ایف آئی آر کے مطابق مقررین نے عوام کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ جعلی حکومت کو گھر بھیجنے کے لیے تیار ہو جاؤ۔
واضح رہے کہ اپوزیشن اتحاد پاکستان ڈیموکریٹک موومنٹ نے گوجرانوالا سے حکومت مخالف تحریک کا آغاز کیا تھا اور عوامی قوت کا مظاہرہ کیا۔