گوجرانولہ (جیوڈیسک) گوجرانوالہ میں سنوکر کلب سے حراست میں لئے جانے والے نوجوان کا والد نجی ٹارچر سیل میں پولیس تشدد سے جاں بحق ہو گیا، ورثا نے لاش ڈسٹرکٹ ہسپتال روڈ پر رکھ کر مظاہرہ کیا۔ سید پارک سے گرجاکھ پولیس کے اے ایس آئی علی شاہ نے سنوکر کلب پر بیٹھے ہوئے ندیم سمیت تین نوجوانوں کو حراست میں لے کر الجنت ٹاؤن میں واقع اپنے نجی ٹارچر سیل میں منتقل کیا۔
ندیم کا والد ساٹھ سالہ عاشق علی بیٹے کو پولیس کی حراست سے چھڑاوانے کے لیے الجنت ٹان میں نجی ٹارچر سیل پہنچا جہاں پر ورثا کے مطابق اے ایس آئی علی شاہ نے نوجوان کی رہائی کے عوض رشوت کا تقاضہ کیا۔
جس پر عاشق علی اور اے ایس آئی کے درمیان تلخ کلامی ہو گئی۔ اس دوران پولیس ملازمین نے عاشق علی کو تشدد کا نشانہ بنایا جس سے وہ ہلاک ہو گیا۔ ورثا نعش لے کر جی ٹی روڈ پر پہنچ گئے اور احتجاج کیا۔