گوجرانوالہ (جیوڈیسک) گوجرانوالا میں مدرسے کے قاری نے سبق نہ یاد کرنے پر 12 سالہ طالب علم پر تشدد کرکے اس کے بازو کی ہڈی توڑ ڈالی، تشدد کے بعد قاری مدرسے سے فرار ہوگیا۔ ڈی ایچ کیو اسپتال گوجرانوالا میں زخمی حالت میں لائے جانے والے بچے احمد رضا نے بتایا کہ وہ شہزاہ شہید کالونی میں واقع مدرسے میں حفظ ِ قران کا طالب علم ہے۔
مدرسے کے قاری عطا اللہ نے سبق یاد نہ کرنے پہلے تھپڑ مارے پھر اسے بار بار زمین پر گرایا جس سے اس کے بازو کی ہڈی ٹوٹ گئی۔ بچے کے چچا نے بتایا کہ وہ قاری کے پاس شکایت لے کر گئے تو قاری نے انہیں دھمکیاں دے کر مدرسے سے نکال دیا۔ پولیس نے بچے کے بیان کے بعد کارروائی شروع کر دی تاہم قاری مدرسے سے فرار ہو گیا ہے۔