گوجرانوالہ (جیوڈیسک) گوجرانوالہ میں شادی کی تقریب میں فائرنگ کرنے والے زاہد عرف تماں بٹ سمیت پانچ ملزموں کو تین روزہ جسمانی ریمانڈ پر پولیس کے حوالے کر دیا گیا۔
کینٹ پولیس نے زاہد عنایت عرف تماں بٹ اور دیگر ملزموں تنویر عرف ٹیپو ، وقاص بٹ، عمران ڈار اور اللہ لوک بٹ کو جوڈیشل مجسٹریٹ کی عدالت میں پیش کیا۔ پولیس نے اسلحے کی برآمدگی کے لیے سات روزہ ریمانڈ کی استدعا کی تاہم عدالت نے تین روزہ ریمانڈ دے دیا۔
پولیس کی جانب سے عدالت کو بتایا گیا ملزموں کو شادی میں ہوائی فائرنگ سمیت تین مقدمات میں حراست میں لیا گیا ہے۔ تاہم ان کی گرفتاری بس پر فائرنگ کے مقدمے میں ڈالی گئی ہے۔
عدالت کے باہر تماں بٹ نے میڈیا کو بتایا کہ شادی کی تقریب میں ہوائی فائرنگ کا جرم اس نے کیا ہے تاہم دیگر مقدمات میں وہ بے گناہ ہے۔