گجرات کی خبریں 22/6/2015

Energy Crisis

Energy Crisis

گجرات (جی پی آئی) مسلم لیگ ن کے ممبر پنجاب اسمبلی چوہدری محمد اشرف دیونہ نے کہا ہے کہ توانائی کا بحران مسلم لیگ ن کے دور میں ہی ختم ہوگا ۔عوام کی مشکلات ایک ایک کرکے دور کریں گے۔ چین کے صدر کے دورہ پاکستان کے دوران 46 ارب ڈالر کے تاریخ ساز معاہدوں پر دستخط ہوئے ہیں جن میں صرف توانائی کے شعبہ میں 20 ارب ڈالر کے معاہدے شامل ہیں۔ انہوں نے کہا کہ چین کے ساتھ طے پانے والے معاہدو ںپر عملدرآمد کیلئے شبانہ روز محنت کریں گے اور ان معاہدوں کے ثمرات عوام تک پہنچانے کیلئے جان لڑا دیں گے۔ اربوں روپے کی لاگت سے بجلی پیدا کرنے کے منصوبوں پر تیز رفتاری سے عملی اقدامات جاری ہیں۔انہوں نے مزید کہا کہ عام آدمی کو باعزت اورباوقار ٹرانسپورٹ کی سہولتیں فراہم کرنا ہماری ترجیحات میں شامل ہیں ،یہی وجہ ہے کہ لاہور میں میٹروبس پراجیکٹ کی کامیابی کے بعد راولپنڈی اسلام آباد میٹروبس پراجیکٹ کو ریکارڈ مدت میں مکمل کیا گیا ہے۔
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
گجرات (جی پی آئی) صدر پاکستان مسلم لیگ ق سٹی گجرات محمد حنیف حیدری نے اپنے بیان میں کہا ہے کہ ماہِ رمضان کے مقدس مہینہ میں بھی لوڈشیڈنگ کا خاتمہ نہ ہو سکا ۔ اصل میں واپڈا کا بے لگام گھوڑا وزیرِ اعظم سمیت وفاقی وزیروں کے کنٹرول سے بھی با ہر ہو چکا ہے۔ اس وزارتِ عظمیٰ کا کیا فائدہ جس میں ماتحت حکم ماننے سے بھی قاصر ہوں ۔ادارے ان کے کنٹرول سے باہر ہوچکے ہیں۔ حکومت کی کسی بھی ادارے پر رٹ نظر نہیںآتی ۔ گرمی کی تپش میں روزے رکھے ہوئے لوگ ان جعل سازوں کے لئے بد دعائیں مانگ رہے ہیں کہ یا اللہ اس جمہوریت کے جھوٹے دعویداروں سے جان چھڑوا۔ بجلی تو ایک طرف محکمہ گیس والوں نے گرمیوں میں بھی غیر اعلانیہ لوڈ شیڈنگ شروع کر دی ہے۔ عوام آج سوال کرتے ہیں کہ چند ماہ میں بجلی کا نظام ٹھیک کرنے والے کئی سال حکومت میں گزارنے کے باوجود لوڈ شیڈنگ کم کرنے کی بجائے اس میں مزید اضافے کا سبب بنے ہیں اور آج اپنی ناکامیاں چھپانے کے لئے اوٹ پٹانگ بیان دے رہے ہیں۔انکی عجیب پالیسیاں ہیں کہ عوام اگر گرمی سے تنگ آکے روزے کی حالت میں جلوس نکالتے ہیں تو ان پر لاٹھی چارج کیا جاتا ہے۔ پر امن جلوس پر لاٹھی چارج کرنا ظلم اور بربریت کا ثبوت اور قابلِ مزمت ہے۔ انہوں نے کہا کہ قیام پاکستان سے لے کر ، اس سے ڈھیٹ حکومت آج تک نہیں دیکھنے میں آئی۔ برسراقتدار گروپ کو نہ تو پاکستان سے پیار ہے اور نہ ہی اس قوم سے کوئی ہمدردی ہے، بس اقتدار ، لوٹ مار اور کرپشن کی ہوس ہے، جو کہ اب زیادہ دن ٹکی نہیں رہے گی۔
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
گجرات( جی پی آئی) صدر پاکستان مسلم لیگ ق سٹی گجرات محمد حنیف حیدری نے اپنے بیان میں کہا ہے کہ اللہ کی راہ میں دولت خرچ کرنا عین عبادت ہے غریب اور مساکین لوگوں کی دل کھول کر مدد کرنی چاہیئے خاص طور پر رمضان المبارک کے بابرکت مہینہ میں دیگر عبادات کے ساتھ ساتھ صدقہ و خیرات بھی کرتے رہنا چاہیئے۔ لیکن ساتھ ساتھ اس بات کا بھی خاص خیال رکھنا چاہیئے کہ جو دولت ہم خدا کی راہ میں خرچ کر رہے ہیں، وہ کسی غریب ، بیوہ یا یتیم کا لوٹا ہوا حق تو نہیں؟ یا پھر کسی اپنے عزیز کی حق تلفی تو نہیں کی گئی؟ انہوں نے کہا کہ ہمارے ضلع گجرات میں تمام لوگ ایک دوسرے کو جانتے ہیں اور یہ بات سمجھتے ہیں کہ کس کس نے کہا ں کہاں سے نا جائز دولت اکھٹی کر رکھی ہے۔ کچھ لوگ اپنے منہ میاں مٹھو بن کر اپنے آپ کو عوامی خدمت گار ارشاد فرما رہے ہیں، وہ اس بات پر بھی غور کریں کہ کتنے لوگوںنے ان پر مکانوں اور زمینوں کے قبضے، لوٹ مار اور کرپشن کے مقدمے درج کروائے ہوئے ہیں، اور کس کس بیوہ اور بے کس کی بد دعائیں ان لوگوں کے ساتھ ہیں۔ یہ تمام حقیقت انسان جانتا ہے کہ دنیا مقافاتِ عمل ہے۔ یہاں جو کرو گے وہ بھگتنا بھی پڑے گا ۔ اور بڑے بڑے اشتہار لگانے سے گناہوں اور لوٹ مار پر پردے نہیں پڑجاتے۔ اللہ تعالیٰ بھی کسی ایسے صدقہ اور خیرات اور اس کی راہ خرچ کی ہوئی دولت قبول نہیں کرتا جو کسی بے کس کا چھینہ ہوا حق ہو۔