گجرات : سید المرسلین رحمت للعالمین حضرت محمد رسول اللہ صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کے یوم ولادت کے سلسلہ میں گجرات میں سب سے بڑا عظیم الشان مرکزی جلوس میلاد النبی صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم نیک آباد (مراڑیاں شریف) سے پیشوائے اہلسنت حضرت پیر محمد افضل قادری مرکزی امیر عالمی تنظیم اہلسنت وسجادہ نشین نیک آباد کی زیرقیادت نکالا گیا۔
جس میں مشائخ سادات علماء سماجی وسیاسی شخصیات صحافی برادری سمیت ہر مکتبہ فکر سے تعلق رکھنے والے ہزاروں غلامان رسول نے شرکت کی۔ جلوس بائی پاس روڈ، شاہین چوک، سرگودھا روڈ، جی ٹی روڈ سے ہوتے ہوئے فوارہ چوک میں ختتام پذیر ہوا۔ جگہ جگہ جلوس میلاد النبی صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کا زبردست استقبال کیا گیا اور پھول پتیاں نچھاور کی گئی۔ جبکہ شرکاء کیلئے مٹھائیوں اور کھانوں کا خصوصی اہتمام کیا گیا۔
جلوس سے حضرت پیر محمد افضل قادری، پیر محمد عثمان افضل قادری، صاحبزادہ عبد اللہ جیلانی، علامہ دلشاد حسین قادری، پروفیسر محمد عظیم، علامہ حنیف طاہر، مولانا منیر شاد، مولانا مختار سعیدی ودیگر نے خطاب کیا جبکہ قاری ناصر نے تلاوت قرآن مجید اور قاری خالد محمود، عارف شاہد گوندل، شبیر حسین ساہی، ناصر انصاری نے ہدیہ نعت بحضور سرور کونین صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم پیش کیا۔
حضرت پیر محمد افضل قادری نے سرگودہا روڈ پر خطاب کرتے ہوئے کہا کہ رب العالمین نے نبی اکرم صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کو تمام جہانوں کیلئے رحمت اور ہادی کائنات بناکر مبعوث فرمایا ہے، آپ صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کی سیرت پر عمل میں ہی دنیا و آخرت کی بھلائی ہے۔ اور چونکہ آپ صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم اللہ تعالیٰ کی سب سے بڑی نعمت ہیں اسلئے آپ کے یوم ولادت پر خاص طور پر تشکر اور خوشی کا اظہار ہر مسلمان پر لازم ہے۔ انہوں نے کہا کہ انسان کی تخلیق کا مقصد اللہ تعالیٰ کے قرب کا حصول ہے اور اس کیلئے اتباع رسول کو شرط قرار دیا گیاہے جس کیلئے محبت نبوی اور سیرت طیبہ کا مطالعہ ضروری ہے۔
لہذا مسلمانوں کو چاہیے کہ رسول اللہ کے سیرت وکمالات کا مطالعہ کریں اور آپ کی غلامی اختیار کر کے سعاداتِ دارین سے بہرہ ور ہو جائیں۔ پیر صاحب نے مزید کہا کہ جو اختیارات ہونے کے باوجود مملکت خدا داد میں نظام مصطفی صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم نافذ نہیں کررہے یا جو کلمہ پڑھنے کے باوجود فحاشی پھیلا رہے ہیں اگر روز محشر رسول اللہ صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم نے ان کی شفاعت سے انکار کردیا تو یہ کیا کرینگے؟ انہوں نے مطالبہ کیا کہ فی الفور پاکستان میں نظام مصطفی صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم نافذ کیا جائے۔
انہوں نے اسلامیانِ پاکستان پر زور دیا کہ وہ دہشت گردوں کی مکمل بیخ کنی کیلئے پاکستان آرمی کا ساتھ دیں اور دہشت گردوں اور انکے حامیوں کیخلاف فیصلہ کن اقدامات اٹھائے جائیں۔ اس موقع پر حکومت اور تمام اداروں سے مطالبہ کیا کہ وہ ہر جگہ سے فحاشی ،بے حیائی وبے راہروی ختم کرکے اپنے دینی فریضہ سے عہدہ بر آہوں۔ جبکہ امت مسلمہ پر لازم ہے کہ وہ سب سے زیادہ حصول ِ علم پر توجہ دیں اور ہر علم پر اور خصوصاً علومِ اسلامیہ کی تعلیم واشاعت پر زیادہ توجہ دی جائے۔