خلیج اومان (جیوڈیسک) شپنگ کمپنیوں اور صنعتی ذرائع کا کہنا ہے کہ خلیج عمان میں 2 تیل بردار جہازوں پر مبینہ حملہ کیا گیا ہے، جس میں حملوں کا شکار جہازوں کے عملے کو باحفاظت نکال لیا گیا ہے۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ خلیج اومان میں دو تیل بردار جہازوں پر مشتبہ حملوں کی اطلاعات ملی ہیں۔ میری ٹائم ٹریڈ آپریشنز ذرائع کے مطابق حملے کا نشانہ بننے والے جہازوں سے عملے کو بحفاظت نکال لیا گیا ہے۔ ایک ماہ قبل خطے میں ایسے ہی حملوں میں چار تیل بردار ٹینکروں کو نشانہ بنایا جا چکا ہے۔
برطانوی بحریہ کے زیر انتظام یو کے میری ٹائم ٹریڈ آپریشنز نے حملے سے متعلق انتباہ جاری کر دیا ہے، تاہم اس حملے کی تفصیل ابھی فراہم کی گئی کیونکہ حکام تفتیش کر رہے ہیں۔
الجزیرہ کی رپورٹ کے مطابق امریکی ففتھ فلیٹ کی جانب سے جاری کیے گئے بیان میں کہا گیا کہ خطے میں موجود امریکی بحری فورسز کو مقامی وقت کے مطابق صبح 6 بج کر 12 منٹ پر ایک اور صبح 7 بجے دوسری پریشان کن فون کالز موصول ہوئی تھی۔
بیان کے مطابق امریکی بحریہ کے جہاز سمندری علاقے میں موجود ہیں اور مشتبہ حملے کا شکار بحری جہازوں کی معاونت کررہے ہیں۔
امریکی بحریہ نے یہ بیان برطانوی بحریہ کے ماتحت میری ٹائم ٹریڈ آپریشنز کی جانب سے جاری کیے گئے بیان کے بعد دیا جس میں انہوں نے علاقے میں ایک حادثے کا دعویٰ کرتے ہوئے الرٹ جاری کیا تھا۔
خیال رہے کہ گزشتہ ماہ فجیرہ کے ساحلی شہر کی بندرگاہ پر 4 جہازوں میں تخریب کاری کی کوشش پر متحدہ عرب امارات کی جانب سے مذمتی بیان سامنے آیا تھا، تاہم اس سے قبل وہ ساحلی علاقے میں کسی بھی قسم کے حملوں کی تردید کررہے تھے۔
بعد ازاں سعودی عرب کا کہنا تھا کہ ساحل پر تخریب کاری کا نشانہ بنائے جانے والے 4 جہازوں میں سے 2 تیل بردار جہاز ان کے ہیں، جنہیں حملے میں شدید نقصان پہنچا تھا۔