گلشن بونیر میں طالبان گروپوں میں تصادم، مقامی کمانڈر مارا گیا

Karachi

Karachi

کراچی (جیوڈیسک) کراچی میں لانڈھی کے علاقے گلشن بونیر میں کالعدم تحریک طالبان کے دو گروپوں میں مسلح تصادم کے نتیجے میں مقامی کمانڈر حاتم محسود مارا گیا۔ دوسری جانب لیاری میں پولیس اور رینجرز کے ٹارگٹڈ آپریشن میں اغوا برائے تاوان اور بھتا خوری میں ملوث گینگ وار کا ملزم عبدالحق ہلاک ہو گیا۔ لانڈھی کے علاقے گلشن بونیر میں آج صبح مسلح تصادم اور مورچہ بند فائرنگ کا آغاز ہوا۔

جس کے نتیجے میں ایک گروپ کا مقامی کمانڈر حاتم خان محسود ماراگیا،جبکہ چار افراد زخمی ہوگئے، ہلاک ہونے والے طالبان کمانڈر حاتم محسود کی میت جناح اسپتال منتقل کردی گئی۔ ترجمان سندھ رینجرز کے مطابق پولیس اور رینجرز نے متاثرہ علاقے کا مشترکا آپریشن کرکے حالات کو قابو میں کیا اور ملزمان کے اڈوں سے ایس ایم جی گنوں سمیت بھاری مقدار میں اسلحہ اور پریشر ککر بم برآمد کر لیا۔ پریشر ککر بم کو بم ڈسپوذل اسکواڈ نے ناکارہ بنادیا۔

ترجمان نے بتایا کہ کارروائی میں چند مشتبہ افراد کوحراست میں لیا گیا ہے تاہم علاقہ کلیر کرانے تک آپریشن جاری رہے گا۔ دوسری جانب کراچی کے علاقے لیاری میں پولیس اور رینجرز نے مشترکا کارروائی کی۔ ذرائع کے مطابق کلاکوٹ سے لیاری گینگ وار کا اہم ملزم عبدالحق مقابلے میں مارا گیا، ملزم ٹارگٹ کلنگ بھتا خوری اور اغوا کی وارداتوں میں ملوث تھا۔ لیاری میں مفرور اور اشتہاری ملزمان کی گرفتاری کے لئے چھاپوں کے رد عمل کے طور پر کلری اور بغدادی تھانوں پر فائرنگ اور کریکر حملے بھی کئے گئے۔

علاوہ ازیں لیاری میں مفرور اور اشتہاری ملزمان کی گرفتاری کیلئے پولیس کی جانب سے چھاپوں کے بعد علاقے کی صورتحال کشیدہ ہے۔ ڈی آئی جی ساتھ عبدالخالق شیخ کے مطابق لیاری کے مختلف علاقوں میں مفرور اور اشتہاری ملزمان کی گرفتاری کے لئے پولیس کی جانب سے چھاپے مارے گئے۔ اسی دوران چھاپوں کے رد عمل میں ملزمان نے کلری اور بغدادی تھانوں پر حملہ کر دیا۔ حملے کے دوران فائرنگ اور کریکر حملے بھی کئے گئے۔