گلشن اقبال میں دوست کے 7 ٹکڑے کرنے والا قاتل گرفتار

Arrest

Arrest

کراچی (جیوڈیسک) گلشن اقبال پولیس نے دوست کو قتل کرنے والے ملزم کو گرفتار کر کے سرونٹ کوارٹرز سے مقتول کی لاش 7 ٹکڑوں میں برآمد کرلی، ملزم نے ہفتے کی رات دوست کو قتل کرنے کے بعد اس کے کپڑے، موبائل فون، پرس اور دیگر اشیا جلا دی تھیں۔

ایس ڈی پی او گلشن اقبال ڈی ایس پی خالد ٹیپو نے خفیہ اطلاع ملنے پر گلشن اقبال بلاک 7 بنگلہ نمبر D-27 کے ملازم 42 سالہ محمد الیاس کو گرفتار کر کے اس کی نشاندہی پر سرونٹ کوارٹر سے مقتول 40 سالہ عمران کی لاش برآمد کرلی جو کہ 7 ٹکڑوں میں تھی۔

انھوں نے بتایا کہ ملزم مذکورہ بنگلے میں خانساماں کا کام کرتا ہے جبکہ مقتول بھی اسی بنگلے کا ملازم تھا اور دونوں گہرے دوست تھے تاہم ان میں کسی بات پر جھگڑا ہوا تھا اور طیش میں آکر ملزم الیاس نے تین روز قبل ہفتے کی شب عمران کو قتل کرنے کے بعد انتہائی سفاکیت کے ساتھ اس کے لاش کو 7 ٹکڑوں میں تقسیم کر دیا اور اس موقع کی تاک میں تھا کہ وہ ٹکڑے موقع پاتے ہیں کہیں پھینک آئے گا۔ ملزم مذکورہ بنگلے پر گزشتہ 15 سال سے ملازمت کر رہا تھا جبکہ مقتول کورنگی کا رہائشی بتایا جاتا ہے۔

خالد ٹیپو کا کہنا تھا کہ ملزم نے انتہائی چالاکی کا مظاہرہ کرتے ہوئے مقتول کے کپڑے، پرس، موبائل فون اور شناختی کارڈ سمیت دیگر اشیا جلادی تھیں تاکہ وہ پکڑا نہ جا سکے۔ ملزم نے اپنے قتل کا اعتراف کرتے ہوئے بتایا کہ وہ 3 دن سے نہ تو سو پایا اور نہ ہی اسے کسی پل چین آ رہا تھا، پولیس نے آلہ قتل برآمد کرکے ملزم کے خلاف قتل کا مقدمہ درج کر لیا ہے۔