واشنگٹن (جیوڈیسک) امریکی صدر باراک اوباما نے اعتراف کیا ہے کہ گن کلچر امریکی سماج کا حصہ بن گیا ہے۔
اوباما نے ریاست فلوریڈا کے شہر جیکسن ویل میں خطاب کرتے ہوئے کہا کہ آپ سب نے یہ خبر سنی ہو گی کہ گزشتہ روز ایک مسلح شخص نے ہوسٹن میں فائرنگ کر کے 3 افراد کو ہلاک اور 14 دیگر کو زخمی کر دیا، انھوں نے کہا کہ فائرنگ اور اجتماعی قتل کے واقعات امریکا میں معمول کا حصہ بن گئے ہیں اور بہت سے امریکی اس سے متاثر ہو رہے ہیں۔
باراک اوباما نے کہا کہ وہ سمجھتے ہیں کہ ہم ان واقعات سے لاتعلق نہیں رہ سکتے اور ہمیں اس کے تدارک کیلیے سوچنا ہو گا، انھوں نے کہا کہ امریکیوں کو سیکیورٹی فراہم کرنے کی بات کرنے والوں کو اس معاملے پر بھی توجہ دینی چاہیے۔