مسلح افراد نے دن دیہاڑے تحریک انصاف کے راہنما کے پٹرول پمپ کا کیش لوٹ لیا

Faisalabad

Faisalabad

فیصل آباد : ڈائیو روڈ پر 3 مسلح افراد نے دن دیہاڑے تحریک انصاف کے راہنما کے پٹرول پمپ کا کیش لوٹ لیا۔ تفصیلات کے مطابق گزشتہ روز دوپہر ایک بجے ڈائیو روڈ پر واقع انصاف بزنس فورم کے صدر چوہدری ظفر اقبال سندھو کے ٹوٹل پمپ پرکام کرنے والے دو افراد موٹر سائیکل پر پندرہ لاکھ کیش بنک جمع کرانے کیلئے نکلے ہی تھے کہ پیچھے سے تین مسلح موٹر سائیکل سوار ڈاکوئوں نے گھیر لیا اورعملے سے کیش اور موبائل فون چھین کر فرار ہوگئے پولیس کو اطلاع دی گئی مگر لٹیروں کا سراغ نہ لگایا جا سکا۔

دوسری جانب انصاف بزنس فورم کے راہنمائوں میاں تنویر ریاض ‘ رانا سکندر اعظم نے ڈکیتی کی واردات کی مذمت کرتے ہوئے کہا کہ فیصل آباد سمیت پنجاب میں دن دیہاڑے لوٹ مار اور جرائم کی شرح خوفناک حد تک بڑھ چکی ہے اور جرائم کی شرح بھی دیگرصوبوں کے مقابلے میں پنجاب میں نمبرون کی پوزیشن پر براجمان ہو چکی ہے جو نام نہاد خادم اعلیٰ کی جعلی گڈگورننس کا منہ بولتا ثبوت ہے۔

تاجر راہنمائوں کا کہنا تھا کہ مقامی انتظامیہ جلد از جلد ڈکیتی کے ملزمان گرفتار کرکے مسروقہ مال برآمد کرائے بصورت دیگر تاجر برادری احتجاج کے لیے سڑکوں پر آئے گی تو پھر حالات کی ذمہ داری انتظامیہ پر ہو گی۔