کوئٹہ (جیوڈیسک) گوادر ایئرپورٹ کے قریب فائرنگ اور راکٹ فائر کیے گئے تاہم اس کے نتیجے ایئرپورٹ محفوظ رہا اور کسی جانی نقصان کی اطلاع بھی نہیں ملی۔
گوادر ایئرپورٹ کے قریب فائرنگ اور دھماکوں کی آوازیں سنی گئیں جس کے بعد ایئرپورٹ پر فوری طور پر سیکیورٹی ہائی الرٹ کردی گئی ہے جب کہ پولیس اور دیگر سیکیورٹی فورسز فوری طور پر علاقے میں پہنچ گئیں۔ ذرائع کے مطابق ایئرپورٹ کے قریب 7 راکٹ فائر کیے گئے جس کی آواز دور دور تک سنی گئی تاہم راکٹ اور فائرنگ کے نتیجے میں کوئی جانی نقصان نہیں ہوا جب کہ ایئرپورٹ بھی مکمل طور پر محفوظ رہا۔
ترجمان سول ایوی ایشن کے مطابق فائرنگ اور دھماکوں کی آواز سنتے ہی ایئرپورٹ اور رہائشی کالونی کی لائٹیں بند کردی گئیں جب کہ واقعے میں ایئرپورٹ سمیت کسی تنصیبات کو نقصان نہیں پہنچا۔
صوبائی وزیر داخلہ میر سرفراز بگٹی کا کہنا ہے کہ راکٹ ایئرپورٹ سے کافی دور گرا جب کہ واقعے میں کوئی جانی نقصان بھی نہیں ہوا تاہم سیکیورٹی فورسز نے علاقے کو گھیرے میں لے کر سرچ آپریشن شروع کردیا ہے۔