گوادر (جیوڈیسک) پاکستان کے صوبہ بلوچستان کے ساحلی ضلع گوادر میں فائرنگ کے ایک واقعے میں کوسٹ گارڈز کے دو اہلکار ہلاک ہوگئے۔ یہ واقعہ گوادر کے علاقے جیونی میں پیش آیا۔
گوادر میں پولیس کے ایک اہلکار نے اس واقعے کی تصدیق کرتے ہوئے بتایا کہ کوسٹ گارڈز کے دو اہلکار سویلین کپڑوں میں جیونی بازار میں تھے جس وقت ان پر حملہ کیا گیا۔
اہلکار کا کہنا تھا کہ نامعلوم مسلح افراد وہاں آئے اور ان پر حملہ کیا۔ اس حملے کے نتیجے میں دو اہلکار ہلاک جبکہ دو سویلین زخمی ہوئے۔ اہلکار نے بتایا زخمی ہونے والے سویلین دکاندار ہیں جن کو ہسپتال منتقل کردیا گیا ہے۔
اس حملے کے محرکات تاحال معلوم نہیں ہوسکے۔ وزیر اعلیٰ بلوچستان نواب ثناء اللہ زہری نے اس واقعے کی مذمت کرتے ہوئے اس واقعے میں ملوث ملزمان کی فوری گرفتاری کا حکم دیا ہے۔ گوادر ایران سے متصل بلوچستان کا سرحدی ضلع ہے۔
جیوانی اس ضلع کے ہیڈ کوارٹر گوادر شہر سے ایران کی جانب اندازاً 70 کلومیٹر کے فاصلے پر واقع ہے جیوانی کے علاقے کلدان میں اس سال 25 اگست کو نامعلوم مسلح افراد کے حملے میں جیوانی کے تحصیلدار اور لیویز فورس کے پانچ اہلکار ہلاک ہوئے تھے۔
کمشنر مکران بشیر احمد بنگلزئی نے بتایا تھا کہ تحصیلدار جیونی لیویز فورس کے اہلکاروں کے ہمراہ ایک اراضی کا تنازع نمٹانے کے لیے کلدان گئے تھے۔
انھوں نے بتایا کہ واپسی پر نامعلوم مسلح افراد نے ان کی گاڑیوں کو روکا اور ان پر اندھا دھند فائرنگ کر دی۔
‘اس حملے میں چھ افراد ہلاک ہوگئے جن میں تحصیلدار اور لیویز فورس کے پانچ اہلکار شامل ہیں۔’