گوادر (جیوڈیسک) وزیر اعلیٰ بلوچستان ڈاکٹر عبدالمالک بلوچ نے گوادر انڈسٹریل زون میں الاٹ کئے گئے پلاٹوں کی تحقیقات کا حکم دیتے ہوئے مزید الاٹمنٹ پر پابندی عائد کر دی۔ اس بات کا فیصلہ وزیر اعلی بلوچستان نے اعلی سطحی اجلاس میں کیا، جس میں سینئر ممبر بورڈ آف ریونیو، سیکریٹری صنعت و حرفت اور ڈپٹی کمشنر گوادر نے شرکت کی۔
وزیر اعلیٰ بلوچستان نے بےقاعدگیوں اور غیر متعلقہ افراد کو صنعتی ایریا میں پلاٹ الاٹ کرنے کا سختی سے نوٹس لیتے ہوئے مذکورہ زون میں اب تک الاٹ کئے جانے والے پلاٹوں کی تفصیلی رپورٹ فوری طور پر طلب کی۔
انہوں نے مزید ہدایت کی کہ جن شرائط پر سرمایہ کاروں کو پلاٹ الاٹ کئے گئے اور شرائط کی پابندی نہ کرنے والوں کی تفصیلات فراہم کی جائیں اور گوادر کے علاقے کارواٹ میں اراضی کی منتقلی پر ہونے والی بے قاعدگیوں کی بھی تحقیقات کی جائے۔