گوادر (جیوڈیسک) گوادر کے قریب سمندر میں ابھرنے والے جزیرے کا نام زلزلہ کوہ رکھ دیا گیا، بڑی تعداد میں لوگ نئے جزیرے پر پہنچ گئے جبکہ اور ماڑہ اور پسنی کے درمیان بھی سمندر میں ایک اور جزیرہ نمودار ہو گیا ہے۔ گوادر میں زلزلے کے بعد سمندر میں ابھرنے والا جزیرہ توجہ کا مرکز بن گیا۔
بحیرہ عرب کی لہروں پر کشتیوں میں سفر کر کے لوگ جزیرے پر پہنچتے رہے۔ مقامی افراد نے نومولود جزیرے کا نام “زلزلہ کوہ” رکھ دیا ہے۔ مٹی اور پتھروں سے بنے اس جزیرے پہ مردہ آبی حیات بھی نظر آئے۔ نیشنل انسٹی ٹیوٹ آف اوشیانو گرافی کی ٹیم نے بھی جزیرے کا معائنہ کیا۔ یہ جزیرہ ستر فٹ بلند اور دو سو پچاس فٹ چوڑا ہے۔
مقامی انتظامیہ کے مطابق جزیرے سے میتھین گیس کا اخراج جاری ہے۔ پانی میں بنتے گیس کے بلبلے بخوبی دیکھے جاسکتے ہیں۔ خشک جگہ سے نکلتی میتھین گیس کو جب شعلہ دکھایا گیا تو آگ بھڑک اٹھی۔ ڈبلیو ڈبلیو ایف حکام کے مطابق زلزلے کے بعد اور ماڑہ اور پسنی کے درمیان سمندر میں ایک اور جزیرہ نمودار ہوا ہے۔ نئے جزیرے کے متعلق مزید معلومات جمع کی جا رہی ہیں۔
حکام کا کہنا ہے کہ جزیرے کے معائنے کے لئے آج ٹیمیں روانہ کی جائیں گی۔ ماہی گیروں کا کہنا ہے کہ ساٹھ سال پہلے بھی زلزلے آنے کے بعد جزیرہ نما پہاڑ ابھرا تھا جو آہستہ آہستہ ختم ہو گیا۔ ڈیڑہ سال پہلے ہنگول اور اوماڑو کے قریب بھی جزیرے ابھرے اور پھر سمندر کی نذر ہو گئے۔