گینگنم اسٹائل گانے نے یوٹیوب کو بھی شکست دے دی

Gangnam Style Song

Gangnam Style Song

نیویارک (جیوڈیسک) جنوبی کورین سنگر سائی کے گینگنم اسٹائل گانے نے نہ صرف مقبولیت کے تمام ریکارڈ توڑ ڈالے بلکہ انٹرنیٹ پر اسے اتنی بار دیکھا گیا کہ یوٹیوب انتظامیہ چکرا کر رہ گئی۔

سائی کے گینگنم اسٹائل گانے کو انٹرنیٹ پر اتنا زیادہ دیکھا گیا کہ یوٹیوب کے سسٹم کی گنتی ہی ختم ہوگئی اور انتظامیہ کو اعداد و شمار اپڈیٹ کرنا پڑگئے۔

یوٹیوب انتظامیہ کے مطابق گینگنم اسٹائل گانے کو اب تک 2 ارب 15 کروڑ سے زائد لوگ دیکھ چکے ہیں جو دنیا کی آبادی کے ایک تہائی کے برابر ہے جب کہ ان میں سے بہت سے لوگوں نے اس گانے کو ایک سے زائد بار بھی دیکھا۔

یو ٹیوب انتظامیہ کا کہنا ہے کہ ہم نے سوچا بھی نہیں تھا کہ کسی ویڈیو کو اس قدر دیکھا جائے گا کہ ہماری گنتی ہی ختم ہو جائے گی، ہمارے انجینئیرز نے فوری طور پر اس مسئلے کی نشاندہی کی اور ہمیں اپنا سسٹم اپ گریڈ کر کے 32 بٹ عددی نظام سے 64 بٹ عددی نظام پر منتقل کرنا پڑا۔

واضح رہے کہ جنوبی کورین گلوکار سائی کا مشہور گانا گینگ نم اسٹائل 2 سال قبل ریلیز ہوا تھا لیکن اس کی مقبولیت میں آج بھی کوئی کمی نہیں آئی اور سائی کا کہنا ہے کہ اب اسے ڈر ہے کہ شاید گینگ نم جیسی مقبولیت دوبارہ کسی اور گانے سے حاصل نہ کر پائیں۔