اسلام آباد (جیوڈیسک) وفاقی وزیر خزانہ اسحاق ڈار کا کہنا ہے کہ حبیب بینک کے شیئرز کی فروخت کے بعد حکومت مزید 35 اداروں کی نجکاری کرنا چاہتی ہے۔
وفاقی وزیر خزانہ کا کہنا تھا کہ حکومت کی اصلاحات کی وجہ سے پاکستان کی معاشی درجہ بندی بہترہوئی ہے اور ہم دنیا کی 18 ویں بڑی معیشت بن گئے ہیں۔ان کا کہنا تھا کہ پاکستان کے بیرون ملک اثاثہ جات 18.2 ارب ڈالر تک بڑھانا چاہتے ہیں جب کہ گزشتہ برس کے مقابلے میں ترسیلات زرمیں 15 فیصد اضافے کی امید ہے۔
اسحاق ڈار کا کہنا تھا کہ حبیب بینک کے شیئرز کی نیلامی کے بعد حکومت مزید 35 اداروں کی نجکاری کرنا چاہتی ہے، اگلے مرحلے میں ڈسٹری بیوشن کمپنیوں کے شیئرز فروخت کئے جائیں گے۔
حکومت حبیب بینک کے شیئرز کی نیلامی سے حاصل ہونے والی رقم سے قرضوں کی ادائیگی کرے گی۔ انہوں نے کہا کہ آپریشن ضرب عضب کیلئے 1.75 ارب ڈالر اخراجات آئیں گے جب کہ آئی ڈی پیزکی بحالی کیلئے8 سو ملین ڈالرکی ضرورت ہے۔