اسلام آباد (جیوڈیسک) وزارت خزانہ کے زرائع نے بتایا کہ حبیب بینک کی نجکاری 12 اپریل کو ہو گی۔ اس مقصد کیلئے روڈ شو 29 مارچ سے شروع ہو جائے گا۔ ایچ بی ایل کی نجکاری سے 70 کروڑ ڈالر حاصل ہونے کا امکان ہے۔
زرائع کے مطابق نیشنل پاور کنسٹرکشن کمپنی کی نجکاری مئی میں جبکہ فیصل آباد الیکٹرک سپلائی کمپنی کی نجکاری نومبر تک کر دی جائے گی۔ ہیوی الیکٹریکل کمپلیکس کی نجکاری کا معاملہ دوبارہ کابینہ کی نجکاری کمیٹی میں لے جانے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔
اس مقصد کے لئے نجکاری بورڈ کا اجلاس بھی جلد ہو گا۔ ہیوی الیکٹریکل کمپلیکس کی نجکاری سے ابتدائی طور پر 50 کروڑ ڈالر حاصل ہونے کا تخمینہ ہے۔ پی آئی اے، لیسکو، آئیسکو سمیت متعدد اداروں کی نجکاری کیلئے مالی مشیروں کا تقرر پہلے ہی کیا جا چکا ہے۔
اس سال اب تک الائیڈ بینک، پی پی ایل اور یو بی ایل کی نجکاری ہو چکی ہے۔ وزارت خزانہ کے حکام کے مطابق رواں مالی سال تیس جون تک نجکاری کے عمل سے مجموعی طور پر ایک ارب ڈالر آمدنی کا امکان ہے۔