نیویارک (جیوڈیسک) ایک رپورٹ میں دعویٰ کیا گیا ہے کہ ہیکرز نے 30 ممالک کے 100 بینکوں سے ایک ارب ڈالر سے زائد رقم چرالیے ہیں، اسے دنیا کی سب سے بڑی سائبر واردات کہا جارہا ہے. روسی سیکیورٹی کمپنی کے مطابق ہیکرز نےامریکا اور یورپ کے مختلف بینکوں سے ایک ارب ڈالر چوری کیے ہیں۔
رپورٹ میں بتایا گیا ہے یہ سائبر حملے روس، جرمنی، امریکا، چین، یوکرین اور کینیڈا سمیت 30 ممالک کے 100 سے زائد بینکوں پر کیے گئے اور ان سے ایک ارب ڈالر چرائے گئے ۔ یعنی ہر بینک سے تقریبا 10ملین ڈالر کی رقم چوری کی گئی۔
رپورٹ کے مطابق ان حملوں کے پیچھے روس، یوکرین اور چین سے تعلق رکھنے والے ہیکرز کا ہاتھ ہے۔ رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ ہیکرز نے ان سائبر حملوں میں صارفین کی معلومات چرانے کے بجائے براہ راست انہیں رقم سے محروم کیا ہے۔
ادھر روس کے اینٹی وائرس سوفٹ وائر بنانے والے ادارے کا کہنا ہےکہ اسے 30 ممالک میں ایسی کمپیوٹر ہارڈڈرائیوز ملی ہیں جن میں جاسوسی کے پروگرامز انسٹال کئے گئے ہیں۔ یہ پروگرامز ہارڈ ڈرائیو فارمیٹ کرنے پر بھی موجود رہتے ہیں اور ہر بار کمپیورٹر آن کرنے پر از خود کام کرنے لگتے ہیں۔
روسی ادارے کا کہنا ہے کہ یہ ہارڈ ڈرائیوز روس، پاکستان ،افغانستان، چین، مالی، شام، یمن اور الجیریا میں پائی گئی ہیں۔