حفیظ کا بطور بولر ہنر آزمانے کیلیے انتظارمزید طویل

Hafeez

Hafeez

لاہور (جیوڈیسک) حفیظ کا بطور بولر ہنر آزمانے کیلیے انتظارمزید طویل ہوگیا، سینئر کرکٹر پابندی کی مدت 17جولائی کو ختم ہونے کے باوجود ایکشن کا دوبارہ بائیومکینک ٹیسٹ دینے کیلیے تیار نہیں ہو سکے۔

تفصیلات کے مطابق محمد حفیظ کا بولنگ ایکشن دوسری بار رپورٹ ہونے کی وجہ سے انھیں انٹرنیشنل کرکٹ میں بولنگ سے روک دیا گیا تھا،اس پابندی کی مدت 17 جولائی کو ختم ہو رہی ہے، سال پورا ہونے پر وہ آئی سی سی سے دوبارہ بائیومکینک ٹیسٹ کی درخواست کرسکتے ہیں، ایکشن کلیئر قرار دیے جانے پر ہی انھیں بولنگ کی اجازت ملے گی، پاکستان کرکٹ بورڈ کے چیئرمین شہریار خان نے لاہور میں میڈیا سے بات کرتے ہوئے کہا تھا کہ محمد حفیظ کے بولنگ ایکشن کا ٹیسٹ 8 جولائی کو ہو گا لیکن ایسا ہونا ممکن نظر نہیں آتا، ذرائع کا کہنا ہے کہ سینئر کرکٹر کو بھارت میں ورلڈ ٹوئنٹی 20کے بعد اپنے بولنگ ایکشن کی اصلاح کیلیے نیشنل کرکٹ اکیڈمی میں کام کرنا تھا لیکن وہ ابھی تک مکمل فٹنس حاصل کرنے کیلیے کوشاں ہیں۔

لاہور میں اسکلز کیمپ کے دوران بھی انھوں نے ہلکی پریکٹس کی،ہیمپشائر میں جاری تربیتی کیمپ میں حفیظ کو بولنگ پر کام کرنے کا موقع نہیں ملے گا، بعدازاں اگر مکمل فٹ بھی ہوئے تو ٹیسٹ سیریز میں بطور بیٹسمین شریک ہوں گے، ذرائع کا کہنا ہے کہ محمد حفیظ ایکشن کی اصلاح پر کام کرنے کے بعد ہی خود کو بائیو مکینک ٹیسٹ کیلیے پیش کریں گے، لہٰذا جلد ہی بطور بولر خدمات حاصل ہونے کی توقع نہیں رکھی جا سکتی، اگر انگلینڈ میں نیٹ پر بولنگ کرتے ہوئے ایکشن میں بہتری کا احساس ہوا تو غیر رسمی ٹیسٹ میں اپنے طور پر جائزہ لیا جا سکتا ہے۔