کراچی (پ ر) صدر جماعت اسلامی یوتھ کراچی حافظ بلال رمضان نے امیر جماعت اسلامی ضلع وسطی منعم ظفر خان سے مشاورت کے بعد برادر عمیر سعید کو صدر جماعت اسلامی یوتھ سینٹرل مقرر کیا ہے، جس کا اعلان دفتر جماعت اسلامی ضلع وسطی میں ایک تقریب میں کیا گیا جس میں جنرل سیکریٹری جماعت اسلامی ضلع وسطی محمد یوسف اور نائب امیر ضلع وسطی خالد صدیقی بھی موجود تھے۔
صدر جماعت اسلامی یوتھ سینٹرل عمیر سعید نے اس موقع پر فرقان احمد کو جنرل سیکریٹری اور اقبال مشتاق کو نائب صدر جماعت اسلامی یوتھ سینٹرل مقرر کیا۔ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے سیکریٹری جنرل جماعت اسلامی ضلع وسطی محمد یوسف نے کہا کہ پاکستان میں باصلاحیت اور تعلیم یافتہ نوجوانوں کی کمی نہیں یوتھ کے حوالے سے حکومت موثر حکمت عملی اپنائے مثبت اور تعمیری سرگرمیوں کے ذریعے نوجوانوں کی صلاحیتوں کو نکھارا جاسکتا ہے۔
آج کا نوجوان پاکستان کے لئے کچھ کرنا چاہتا ہے اور اس کے لئے وہ کسی بھی حد تک جاسکتا ہے ہمیں ایسے نوجوانوں کی قدر کرنی چاہئے۔ انہوں نے کہا کہ منظم عالمی سازش کے تحت ہمارے ملک کے نوجوانوں کواسلام سے دور کیا جا رہا ہے۔
بے حیائی اور عریانیت کو فروغ دیا جارہا ہے امن و امان کی خراب صورتحال سے بھی مستقبل کے حوالے سے نوجوان طبقے میں مایوسی پھیلی ہے نوجوان احساس محرورمی کا شکار ہیں۔ ایسے میں ہماری ذمہ داری مزید بڑھ جاتی ہے اور ہمارا فرض ہے کہ ہم اپنا بھرپور کرداراداکرتے ہوئے مثبت اور تعمیری سرگرمیوں کو فروغ دیں۔