میران شاہ (جیوڈیسک) شمالی وزیرستان میں سرگرم حافظ گل بہادر گروپ نے علاقہ خالی کرنے کے لئے شہریوں کو دی گئی مہلت میں 20 جون تک توسیع کردی ہے۔
حاجی شیر محمد کی زیر صدارت قبائلی عمائدین کا جرگہ منعقد ہوا جس میں گل بہادر گروپ کے سربراہ حافظ گل بہادر نے شرکت کی، جرگے کے دوران وہاں موجود عمائدین حافظ گل بہادر کو جنگ بندی میں توسیع اور علاقہ خالی کرنے کے لئے شہریوں کو 10 جون تک دی گئی تاریخ میں توسیع کے لئے رضامند کرنے میں کامیاب ہوگئے جس کے بعد گل بہادر کی جانب سے اس میں 10 دن کی توسیع کر دی گئی۔
واضح رہے کہ 30 مئی کو حافظ گل بہادرگروپ کی مجلس شوریٰ کے اجلاس میں شمالی وزیرستان کی صورتحال پر غور کیا گیا جس میں ارکان کا کہنا تھا کہ علاقے میں آئے روز کارروائی کے بعد حکومت کی جانب سے امن معاہدہ توڑا گیا اور مسلسل کارروائی سے شہریوں کے جان اور املاک کو نقصان پہنچا جس کے بعد حکومت سے جنگ کے سوا کوئی چارہ نہیں۔
حافظ گل بہادر گروپ نے شمالی وزیرستان کے مکینوں کو ہدایت کی تھی کہ وہ اہل و عیال سمیت 10 جون سے قبل علاقہ خالی کردیں اور حکومت کی جانب سے قائم کیمپوں کے بجائے افغانستان جانے کو ترجیح دیں۔
اعلامیہ میں شہریوں کو دھمکی دی گئی ہے کہ 10 جون کے بعد حکومتی زیر کنٹرول علاقوں میں نہ جائیں اور خلاف ورزی کی صورت میں سخت سزا دی جائے گی۔