حافظ آباد (جیوڈیسک) حافظ آباد کے نواحی گاؤں دھنی میں با اثر افراد نے معمولی تنازع پر محنت کش کے دو سالہ بچے کو ٹریکٹر تلے کچل دیا، وزیر اعلیٰ نے نوٹس لیتے ہوئے ڈی پی او سے رپورٹ طلب کر لی۔
حاشر کا قصور صرف اتنا تھا کہ اس کے والدین نے اپنے گھر کے سامنے گاؤں کے بااثر افراد ملک نعیم اور رانا اعجاز کے مچھلی فارم بنانے پر اعتراض کیا تھا۔ ملزموں کو یہ بات ناگوار گزری اور معصوم حاشر کو ٹریکٹر تلے روند دیا گیا جس سے اس کے دونوں پاؤں کٹ گئے۔
مقامی افراد نے بچے کو ڈسٹرکٹ ہسپتال پہنچایا جہاں اس کی سرجری کر دی گئی ہے۔ واقعہ چند روز پہلے پیش آیا۔ پولیس نے مقدمہ تو درج کر لیا ہے لیکن تاحال ملزمان گرفتار نہیں ہو سکے۔ متاثرہ بچے کے والدین نے مطالبہ کیا ہے کہ ملزموں کو فوری طور پر گرفتار کر کے قرار واقعی سزا دی جائے۔
وزیر اعلیٰ پنجاب شہباز شریف نے نوٹس لے لیا، حافظ آباد میں بچے پر ٹریکٹر گزارنے کی رپورٹ ڈی پی او سے طلب کر لی۔وزیر اعلیٰ پنجاب شہباز شریف نے ہدایت کی ہے کہ بچے پر ظلم کرنے والوں کے خلاف سخت کارروائی کی جائے اور دو سالہ بچے کو علاج معالجہ کی بھی سہولیات فراہم کی جائیں جبکہ ظلم کرنے والے ملزمان کو فوری گرفتار کیا جائے۔