حافظ آباد اور ننکانہ صاحب : سانحہ کوٹ رادھا کشن کیخلاف ریلیاں

Protest

Protest

حافظ آباد (جیوڈیسک) سانحہ کوٹ رادھا کشن کیخلاف حافظ آباد اور ننکانہ صاحب میں احتجاجی ریلیاں نکالی گئیں، مظاہرین کا مطالبہ تھا کہ مسیحی جوڑے کو زندہ جلانے والے ملزمان کو عبرتناک سزا دی جائے۔ حافظ آباد میں پاکستان مینارٹیز الائنس کے زیراہتمام کرسچن کالونی سے ریلی نکالی گئی، ریلی کسوکی روڈ، ریلوے پھاٹک، گوجرانوالہ روڈ اور فوارہ چوک سے ہوتی ہوئی پریس کلب پہنچی، شرکاء ریلی نے کوٹ رادھا کشن واقعہ کیخلاف شدید نعرے بازی کی۔

مظاہرین کا کہنا تھا کہ دنیا کا کوئی مذہب انسانوں کیساتھ اس طرح ظلم کی اجازت نہیں دیتا۔ ننکانہ صاحب میں بھی سانحہ کوٹ رادھا کشن کیخلاف پریس کلب سے تحصیل موڑ تک ریلی نکالی گئی، جس میں مختلف سماجی تنظیموں کے عہدیداران، کارکنوں اور شہریوں کی بڑی تعداد نے شرکت کی، ریلی کے شرکاء نے مسیحی جوڑے کے قتل کیخلاف نعرے بازی کی۔ ریلی کے شرکاء نے مطالبہ کیا کہ سانحہ کوٹ رادھا کشن کے واقعہ کے ملزمان کو کڑی سزا دی جائے۔