لاہور (جیوڈیسک) ملک کا اعلیٰ ترین فوجی اعزاز نشانِ حیدر پانے والے قوم کے عظیم اسپوت میجر شبیر شریف شہید کے 44 ویں یومِ شہادت پر لاہور میں ان کے مزار پر ایک پروقار تقریب ہوئی، آرمی چیف کی جانب سے شہید کے مزار پر پھول چڑھائے گئے جبکہ پاک فوج کے چاق وچوبند دستے نے سلامی دی۔
1971 ءکی پاک بھارت جنگ میں ملکی دفاع کی خاطر جان کا نذرانہ پیش کرنےوالےمیجر شبیر شریف شہید کا 44 واں یومِ شہادت ،قبرستان میانی صاحب میں شہید کےمزارپر پروقار تقریب ہوئی ،فرنٹئر کور کے چاق وچوبند دستے نے سلامی پیش کی۔
جی او سی مری میجر جنرل کلیم آصف نےآرمی چیف جنرل راحیل شریف کی جانب سے مزار پر پھول چڑھائے اور فاتحہ خوانی کی، شہید کی بہن نجمی کا مران کا کہنا تھا کہ ملک کی خدمت اسی جذبے کے ساتھ کی جانی چاہئے، جس جذبے کے تحت میجر شبیر شریف شہید نے جان قربان کی۔
میجر شبیر شریف شہید کے صاحبزادے تیمور شریف کہتے ہیں، ان کے والد نئی نسل کے رول ماڈل ہیں۔ تقریب میں موجود میجر شبیر شریف شہید کے ساتھیوں نے بھی ان کی یادیں تازہ کیں۔
28 اپریل 1943 ءکو گجرات کے قصبے کنجاہ میں آنکھ کھونے والے میجر شبیر شریف شہید کا تعلق بہادروں اور دلیروں کے خاندان سے ہے،ان کے ماموں میجر راجہ عزیز بھٹی شہید بھی نشانِ حیدر پانے والوں میں شامل ہیں۔