لاہور (جیوڈیسک) ہیلی کیم اور میڈیا کوریج پر پابندی کو لاہورہائیکورٹ میں چیلنج کر دیا گیا۔ یہ درخواست اظہر صدیق ایڈووکیٹ کی جانب سے دائر کی گئی ہے۔
درخواست میں موقف اختیار کیا گیا ہے کہ حکومت نے من پسند رپورٹنگ نہ ہونے پر ہسپتالوں،خصوصی عدالتوں اور اہم مقامات پر میڈیا کوریج پر پابندی عائد کر دی ہے جو کہ آئین کے آرٹیکل 19اور19اے کی خلاف ورزی ہے۔
درخواست میں کہا گیا کہ آزادی اظہار رائے ہر شہری کا حق ہے، مہذب معاشروں میں میڈیا پر کسی قدغن کو برداشت نہیں کیا جا سکتا۔ میڈیا کی آزادی ہی شہری آزادیوں اور عدلیہ کی آزادی کی ضمانت ہے۔
درخواست میں استدعا کی گئی ہے کہ میڈیا کو جدید ٹیکنالوجی اور ہیلی کیم کے ذریعے کوریج کرنے کی اجازت دی جائے اور اہم مقامات کی کوریج پر عائد پابندی بھی ہٹانے کا حکم دیا جائے۔