کراچی (جیوڈیسک) متحدہ کے قائد الطاف حسین نے حاجی کیمپ میں آگ پر قابو پانے میں ناکامی پر برہمی کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ مارکیٹ میں آگ لگی ہوئی ہے اور وزرا دوائیاں پی کر سو رہے ہیں۔
واٹربورڈ، کے ایم سی اور سندھ حکومت کے وزراء غائب ہیں۔ اپنے ایک بیان میں الطاف حسین نے کہا کہ پرانا حاجی کیمپ ٹمبر مارکیٹ میں آگ لگنے کا واقعہ تشویش ناک ہے۔ فائر بریگیڈ کا عملہ آگ بجھانے کی کوشش کررہا ہے لیکن ان کے پاس گاڑیوں کی کمی ہے اور آگ بجھانے کے لیے جو انتظامات ہونے چاہئیں وہ یقیناً حکومت سندھ کے پاس نہیں ہیں۔
الطاف حسین نے کہا کہ لگتا ہے حکومت سندھ کے وزرا نیند کی دوائیاں پی کر سو رہے ہیں۔ انہوں نے حکومتی وزرا، ارباب اختیار اور پولیس کے اعلیٰ حکام سے درخواست کی وہ حادثے کی جگہ پر پہنچیں۔الطاف حسین نے ریسکیو حکام سے بھی کہا کہ وہ لوگوں کو ایمرجنسی نمبر فراہم کریں تاکہ لوگ اس پر اپنی شکایات درج کراسکیں۔