مکہ مکرمہ (جیوڈیسک) مکہ مکرمہ میں مناسک حج کا آغاز ہو گیا، لاکھوں مسلمانوں نے وادی منی کا رخ کر لیا۔ حج کا رکن اعظم، وقوف عرفات کل ہو گا۔
تیس لاکھ سے زائد عازمین اس سال حج کا فریضہ ادا کر رہے ہیں جن کے لیے سعودی حکومت نے موثر انتظامات کئے ہیں۔ عازمین نے مناسک حج کا پہلا رکن ادا کرنے کے لیے وادی منی کی جانب سفر شروع کر دیا ہے جہاں وہ خیموں میں قیام کریں گے۔ پیر کو حج کے اہم ترین رکن کی ادائیگی کے لیے عرفات جائیں گے۔
ظہر اور عصر کی نماز اکھٹی ادا کرنے کے بعد مزدلفہ کی جانب سفر شروع ہوگا جہاں رات کھلے آسمان تلے قیام کے بعد نماز فجر ادا کر کے وادی منی واپسی ہوگی اور شیطان کو کنکریاں ماریں گے۔ سنت ابراہیمی نبھاتے ہوئے جانوروں کی قربانی دیں گے اور سر منڈوا کر مسجد الحرام میں نوافل ادا کریں گے۔