جدہ (جیوڈیسک) مناسک حج کا آغاز ہو گیا، لاکھوں مسلمانوں نے وادی منی کا رخ کر لیا، فضا لبیک اللھم لبیک کی صداں سے گونجنے لگی، حج کا رکن اعظم، وقوف عرفات کل ہو گا۔
تیس لاکھ سے زائد عازمین اس سال حج کا فریضہ ادا کر رہے ہیں، عازمین حج مناسک حج کی ادائیگی کیلئے دنیا کی سب سے بڑی خیمہ بستی منی میں پہنچنا شروع ہو گئے ہیں۔منی کی فضا اس وقت لبیک اللھم لبیک کی صداں سے گونج رہی ہے۔
عازمین آج رات منی میں خیموں میں گزاریں گے، پیر کو حج کے رکن اعظم وقوف عرفات کی ادائیگی کے لئے میدان عرفات جائیں گے۔ امام کعبہ مسجد نمرہ میں خطبہ حج دیں گے جس کے بعد مزدلفہ کی جانب سفر شروع ہو گا۔
رات کھلے آسمان تلے قیام کے بعد منگل کی صبح نماز فجر کے بعد واپسی ہو گی جس کے بعد رمی جمرات ہو گا۔ شیطان کو کنکریاں مارنے کے بعد حجاج کرام سنت ابراہیمی نبھاتے ہوئے جانوروں کی قربانی دیں گے اور سرمنڈوا کر طواف زیارت کریں گے، طواف زیارہ کرنے کے بعد دوبارہ منی میں چلیں جائیں گے۔