سعودی عرب (جیوڈیسک) اللہ تعالی اپنے مقدس گھر آنے والوں کی دعا ضرور قبول فرماتے ہیں اور ایسا ہی ایک واقعہ پیش آیا رواں برس حج کے دوران بھی۔
سعودی عرب کے رہائشی احمد المالکی کا کہنا ہے کہ ان کی 25 سالہ بیٹی نے انہیں موبائل پر میسج کیا کہ اس کی پیدائش بھی حج کے دنوں میں ہوئی اور اس کی خواہش ہے کہ اسے موت بھی حج کے دنوں میں ہی آئے، لڑکی کے والد کا کہنا تھا کہ اس کی بیٹی جو حج کے تمام ارکان ادا کر چکی تھی اور جب اس نے مجھ سے اپنی خواہش کا اظہار کیا تو ٹھیک ایک گھنٹے بعد ہی اپنے خالق حقیقی سے جا ملی۔
لڑکی کے والد نے کہا کہ لوگ ان کے پاس جب بیٹی کی تعزیت کرنے کے لئے آئے تو میں نے ان سے کہا کہ مجھ سے تعزیت نہ کریں بلکہ مجھے مبارک باد دیں اور اللہ سے دعا کریں کہ اللہ تعالی میری بیٹی کو جنت الفردوس میں جگہ عطا فرمائے۔