فیصل آباد (جیوڈیسک) عازمین حج کی سعودی عرب روانگی سے قبل سفری دستاویزات کی فراہمی اور ویکسی نیشن کا آغاز کر دیا گیا۔گزشتہ روز سرگودھا روڈ پر واقع حاجی کیمپ میں 160 عازمین حج کی ویکسی نیشن کی گئی اور انہیں پاسپورٹ و دیگر سفری دستاویزات فراہم کی گئیں۔
اس موقع پر حج کوآرڈینیٹر محمد احسان شاہد نے بتایا کہ فیصل آباد ائیر پورٹ سے 13 پروازوں کے ذریعے 2080 عازمین حج کو سعودی عرب پہنچایا جائے گا۔ عازمین حج اپنے ہمراہ وزارت حج کی طرف سے ممنوع کی گئی اشیاء ہرگز نہ لائیں اور وقت کی پابندی کاخیال رکھیں۔
یاد رہے کہ فیصل آباد ائیر پورٹ سے براہ راست جدہ کے لئے پہلی حج پرواز 5 ستمبر کو پانچ بجے شام روانہ ہوگی۔ عازمین حج کسی بھی قسم کی معلومات کے لئے حج کوآرڈینیٹر کے فون نمبر 0300-9669993 پر رابطہ کرسکتے ہیں۔